Jul ۰۱, ۲۰۱۶ ۰۹:۲۹ Asia/Tehran
  • فن و ثقافت سے تعلق رکھنے والے افراد ایران کو دنیا سے متعارف کرانے کی فرنٹ لائن پر ہیں: صدر مملکت

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ آرٹسٹ اور فن و ثقافت سے تعلق رکھنے والے افراد متمدن اور ثقافت دوست ایران کو دنیا سے متعارف کرانے کی فرنٹ لائن پر ہیں۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے جمعرات کی رات فن و ثقافت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ افطار پارٹی میں کہا کہ ایرانی حکومت فن و ثقافت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ ہے اور ان کی حامی و مددگار ہے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر ہم آج کی دنیا میں دوسری طاقتوں کے سامنے اپنی طاقت پر فخر کرنا چاہتے ہیں تو اس طاقت کا ایک بڑا حصہ فن و ثقافت کے میدان میں ہے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے ایرانو فوبیا کا مقابلہ کرنے اور اسلامی جمہوریہ ایران کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے پیش کرنے میں آرٹسٹوں کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ دنیا کو ایران اور ایرانیوں سے ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں اور جو اس سازش کا مقابلہ کر سکتے ہیں اور متمدن ایران کا حقیقی چہرہ دنیا کو دکھا سکتے ہیں، وہ صرف فن و ثقافت سے تعلق رکھنے والے افراد ہیں۔

انھوں نے کہا کہ تاریخ کے اندر ایران کا خصوصی مقام ہے اور وہ علاقے کا پہلا ملک ہے کہ جہاں قانون، عدالت خانہ اور پارلیمنٹ موجود تھی اور جس نے استقلال اور آزادی کے لیے انقلاب کیا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ آج دنیا میں موسیقی کے بڑے بڑے پروگراموں میں ایرانی موسیقی کی آواز سنائی دے رہی ہے اور ایرانی فلمیں عالمی سطح پر اپنا لوہا منوا رہی ہیں یہ سب ایران اور ایرانیوں کے لیے باعث فخر ہے۔

 

ٹیگس