امریکی ایوان نمائندگان کا بل مشترکہ جامع ایکشن پلان کی خلاف ورزی ہے
ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے ایران مخالف امریکی ایوان نمائندگان کے تازہ ترین بل کو مشترکہ جامع ایکشن پلان کی خلاف ورزی قرار دیا ہے-
پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے اتوار کو تہران میں یورپی پارلیمان کے نمائندے ریچرڈ ہوویٹ سے ملاقات میں کہا کہ ایران کی پارلیمنٹ ایٹمی معاہدے یا مشترکہ جامع ایکشن پلان کے بارے میں امریکی کانگریس کے اقدامات پر قریب سے نظر رکھے ہوئے ہے اور مناسب وقت پر ان خلاف ورزیوں کا جواب دے گی - علاء الدین بروجردی نے کہا کہ علاقے کے بعض ملکوں کی طرف سے دہشت گردوں کی مالی حمایت اور انہیں شام بھیجنے کے لئے اپنی سرحدوں کو کھولنے سے علاقے میں جنگ کے شعلے اور زیادہ بھڑکے ہیں - انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور انسانی حقوق کا دم بھرنے والے ممالک علاقے میں سرگرم دہشت گرد گروہوں کی عملی طور پر مدد کر رہے ہیں - ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ نے کہا کہ شام کا بحران صرف شامی گروہوں کے درمیان مذاکرات سے ہی حل ہوسکتا ہے - ان کا کہنا تھا کہ شامی عوام کو اس بات کا موقع دیا جانا چاہئے کہ وہ اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کریں - یورپی پارلیمان کے نمائندے نے بھی اس ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایران کے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے متعلق ایران کا تجربہ اور یورپ کے ساتھ اس سلسلے میں اس کا تعاون دہشتگرد گروہوں کا قلع قمع کرنے میں موثر ثابت ہو سکتا ہے -