Dec ۱۶, ۲۰۲۵ ۰۱:۱۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچ دیا، کانگریس نے

ہندوستان کی ریاست بہار سے ایک بڑی خبر موصول ہوئی کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پٹنہ میں ایک تقریب کے دوران مسلم خاتون ڈاکٹر کا نقاب اچانک کھینچ دیا۔ کانگریس نے اس عمل کو شرمناک قرار دیا ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان:این ڈی ٹی وی سمیت ہندوستانی میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق پیر کے روز پٹنہ میں ایک سرکاری تقریب کے دوران بی جے پی کی قیادت والے انڈیا اتحاد کی بہار حکومت کے وزیر اعلیٰ اور جے ڈی یو کے سربراہ 74 سالہ نتیش کمار نے ایک مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب اچانک نیچے کھینچ دیا۔

رپورٹ کے مطابق پٹنہ میں آیوش (آیوروید، یوگا، یونانی، سدھا اور ہومیوپیتھی) ڈاکٹروں کو تقرری نامہ پیش کئے جانے کی سرکاری تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب وزیر اعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ پر منعقد ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آیوش ڈاکٹروں کو تقرری نامہ پیش کیا۔ تقریب میں جب ایک با حجاب مسلمان خاتون ڈاکٹر اپنا تقرری نامہ (اپائنٹمینٹ لیٹر) حاصل کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ کے پاس پہنچی تو وزیر اعلی نے خاتون کے چہرے سے اچانک نقاب کھینچ لیا۔

اس واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نتیش کمار اس تقریب میں ایک آیوش خاتون ڈاکٹر کو تقرری کا سرٹیفکیٹ دے رہے ہیں۔ اسی دوران وہ خاتون کو حجاب ہٹانے کا اشارہ کرتے ہیں۔ اس سے پہلے کہ خاتون کوئی ردِ عمل ظاہر کر پاتی، نتیش کمار اپنا ہاتھ بڑھا کر با حجاب خاتون ڈاکٹر کا نقاب نیچے کھینچ دیتے ہیں۔

دریں اثنا کانگریس نے نتیش کمار کے اس عمل کو "شرمناک" اور "قابلِ نفرت" قرار دیا ہے۔ کانگریس کے ایکس پیج پر لکھا گیا ہے کہ "یہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار ہیں۔ ان کی بے شرمی دیکھئے جب ایک خاتون ڈاکٹر اپنا تقرری نامہ لینے آئیں تو نتیش کمار نے ان کا حجاب کھینچ لیا۔ سوچیے، ریاست میں خواتین کتنی محفوظ ہوں گی؟ نتیش کمار کو فوراً استعفیٰ دینا چاہیے۔"

راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا یہ ان کی بگڑتی ہوئی ذہنی صحت کا ثبوت ہے؟ آر جے ڈی کے ایکس پیج پر لکھا ہے کہ "نتیش جی کو کیا ہو گیا ہے؟ ان کی ذہنی حالت اب انتہائی افسوسناک سطح تک پہنچ چکی ہے۔"

واضح رہے کہ نومبر میں ہونے والے بہار اسمبلی انتخابات سے چند ہفتے پہلے بھی نتیش کمار ایک اور ویڈیو کے باعث تنقید کا نشانہ بنے تھے، جس میں وہ ایک عوامی جلسے میں ایک خاتون کو ہار پہنا رہے تھے۔

اس موقع پر جن سوراج پارٹی کے بانی رہنما پرشانت کشور اور دیگر کئی سیاسی رہنماؤں نے نتیش کمار کی ذہنی صحت پر سوال اٹھائے تھے اور کہا تھا کہ وہ حکومت چلانے کے اہل نہیں رہے۔

ہمیں فالو کریں: 

Followus: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

ٹیگس