Jul ۲۵, ۲۰۱۶ ۲۰:۳۹ Asia/Tehran
  • ایران کے وزیر خارجہ کی نائیجیریا کے صدر سے ملاقات

ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف اور نائیجیریہ کے صدر محمد بوھاری نے باہمی تعلقات اور خطے کے اہم ترین معاملات پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

نائیجیریا کے صدرمحمد بوہاری نے پیرکو دارالحکومت ابوجا میں ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خطے اور دنیا میں امن واستحکام کے قیام میں ایران کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔انہوں نے ایران کی فنی ، اقتصادی اور ٹیکنالوجیکل ترقی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج کا ایران کوئی سنگل پروڈکٹ ملک نہیں ہے اور یہ بات ہمارے لیے ایک عملی نمونہ ہے۔

ایران کے وزیرخارجہ نے اس ملاقات میں تہران اورابوجا کے درمیان تعلقات کی اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران بوکو حرام اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ میں نائیجیریا کے ساتھ تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے بوکو حرام اور دیگر دہشت گرد گروہوں کو ایران اور نائیجیریا کا مشترکہ دشمن قرار دیا۔

ایران کے وزیرخارجہ نے نائیجیریا کے حکام سے بات چیت اور تبادلہ خیال کے علاوہ ابوجا میں دونوں ملکوں کے اقتصادی فورم سے بھی خطاب کیا۔اس اجلاس میں ایران اور نائیجیریا کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔

مفاہمت کی اس یادداشت کے تحت دونوں ممالک کے درمیان وزرائے خارجہ کی سطح پر مذاکرات اور گفتگو کا نظام قائم کیا جائے گا۔ ایران کے وزیرخارجہ نائیجیریا کے بعد گھانا، گنی کوناکری اورمالی کا بھی دورہ کریں گے۔

ٹیگس