Mar ۳۰, ۲۰۲۶ ۰۱:۰۴ Asia/Tehran
  • بحریہ کے سربراہ: آبنائے ہرمز اور خلیج فارس کے داخلی راستوں پر ایران کی مکمل نگرانی اور کنٹرول قائم ہے۔

    ایران کی بحریہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے اور بحیرۂ عمان پر ایران کا مکمل کنٹرول ہے اور وہ دشمن کے خلاف جوابی کارروائی کے لیے تیار ہیں۔

سحرنیوز/ایران: تہران سحر ٹی وی نیوز کے مطابق، امیر دریادار شہرام ایرانی نے اتوار کے روز میزائل، ڈرون اور فضائی دفاعی یونٹس کے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز اور خلیج فارس کے داخلی راستوں پر ایران کی مکمل نگرانی اور کنٹرول قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل ایرانی بحریہ نے کئی مراحل میں میزائل کارروائیاں کرتے ہوئے امریکی بحری بیڑے "ابراہام لنکن" اور اس کے  ہمراہ جنگی جہاز کو نشانہ بنایا، جس کے بعد امریکی بحریہ کو اپنی پوزیشن تبدیل کرتے ہوئے ایرانی سمندری حدود سے سینکڑوں میل دور جانا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ بحری بیڑا دوبارہ ایران کے میزائلوں کی زد میں آیا تو مکران کے ساحلی علاقوں سے ساحل سے سمندر میں مار کرنے والے مختلف میزائلوں کے ذریعے اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ایڈمرل شہرام ایرانی نے مزید کہا کہ امریکی سینٹرل کمان (سینٹکام) کی جانب سے اپنے بحری یونٹس کو پہنچنے والے ممکنہ نقصانات پر خاموشی اختیار کی گئی ہے، تاہم ایران امریکی بحری بیڑے کی تمام نقل و حرکت اور اس کی جانب سے خطے کے ممالک سے کی جانے والی معاونتی درخواستوں پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ مشرقی آبنائے ہرمز اور بحیرۂ عمان، جو خلیج فارس کا اہم داخلی راستہ ہیں، مکمل طور پر ایران کے کنٹرول میں ہیں اور ایران کسی بھی ممکنہ کارروائی کے لیے تیار ہے۔

ہمیں فالو کریں:  

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

 

ٹیگس