ایران کی جانب سے اسلامی تعاون تنظیم کی قدردانی
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے آئندہ سال عالم اسلام کے ثقافتی دارالحکومت کے طور پر مقدس شہر مشہد کے انتخاب کو ایران اور دیگر ملکوں کو اسلامی تہذیب و ثقافت کی علاقتوں اور نشانیوں سے متعارف کرانے کے لیے ایک مناسب موقع قرار دیا۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اسلامی تعاون تنظیم کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی وزارت خارجہ اس ثقافتی اور اسلامی مناسبت کو بہتر سے بہتر منعقد کرنے کے لیے بھرپور کوشش کرے گی۔
انھوں نے امید ظاہر کی کہ اس فیصلے اور اس پرعمل درآمد کے لیے ایران کے عزم سے مختلف ثقافتی اور تہذیبی میدانوں میں اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد و یکجہتی میں اضافہ ہو گا اورعالم اسلام بیرونی دشمنوں کے مقابل مسلم قوموں اور حکومتوں کے درمیان یکجہتی کو بڑھانے کے لیے اس موقع سے فائدہ اٹھائے گا۔
بہرام قاسمی نے کہا کہ ایسے حالات میں کہ جب دنیا میں اسلام کو ایک دہشت گرد اور تشدد پسند دین کے طور پر پیش کرنے کی مذموم کوششیں کی جا رہی ہیں، اس قسم کے اقدامات پوری دنیا میں اسلام کا حقیقی چہرہ پیش کرنے اور اسلام کی اصل ثقافت، تہذیب و تمدن اور عرفان کو بیان کرنے کے لیے مناسب حالات فراہم کریں گے۔