دشمنوں کی سازشوں کی بابت ایران کا انتباہ
اسلام کے چہرے کو بگاڑ کر پیش کرنے کے لئے دشمنوں کی سازشوں کی بابت ایران نے انتباہ دیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے حج و زیارت سے متعلق ادارے میں رہبرانقلاب اسلامی کے نمائندے "قاضی علی عسگر" نے اپنے ایک بیان میں مسلم امہ کو دشمنوں کی سازشوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں انتباہ دیا ہے کہ دشمن، دین مبین اسلام پر ضرب لگانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن ائمہ اطہار علیہم السلام کی شخصیات پر حملہ کرکے دراصل حقیقی اسلام پر وار کرنا چاہتے ہیں، لہذا اس سلسلے میں مسلمانوں کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔
قاضی علی عسگر نے کہا چونکہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات والا صفات تمام خوبیوں کا مجموعہ ہے، لہذا تمام مسلمانوں کو عدل و انصاف پر استوار آپ(ص) کی سیرت پر چلنا چاہئے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے حج و زیارت کے امور میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے نمائندے نے مزید کہا کہ اسلام دشمن طاقتوں نے ہمیشہ ہی اس بات کی کوشش کی ہے کہ علماء کو شہید کردیں، ان کی کتابوں اور قلمی نسخوں کو آگ لگا دیں تاکہ اسلام کا نام و نشان تک باقی نہ رہے اور "مکتب اہلبیت" کو فراموش کردیا جائے۔