ایران میں کچھ دہشت گردوں کی پھانسی پر مغربی موقف کی مذمت
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i240982-ایران_میں_کچھ_دہشت_گردوں_کی_پھانسی_پر_مغربی_موقف_کی_مذمت
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران میں کچھ دہشت گردوں کو سزائے موت دیئے جانے کے سلسلے میں مغربی حکام کے موقف کو مداخلت پسندانہ قرار دیا ہے
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۰۶, ۲۰۱۶ ۰۵:۰۳ Asia/Tehran
  • ایران میں کچھ دہشت گردوں کی پھانسی پر مغربی موقف کی مذمت

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران میں کچھ دہشت گردوں کو سزائے موت دیئے جانے کے سلسلے میں مغربی حکام کے موقف کو مداخلت پسندانہ قرار دیا ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ایران میں کچھ دہشت گردوں کی سزائے موت کے سلسلے میں یورپی و امریکی حکام اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے مواقف کو اسلامی جمہوریہ ایران کے داخلی امور میں مداخلت قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے -

بہرام قاسمی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے علاقے میں بیرونی ممالک کے حمایت یافتہ دہشت گردوں اوردہشت گردی کے خلاف جنگ کے سلسلے میں ہمیشہ سخت موقف اختیار کیا ہے-

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایسے عالم میں کہ ایران خود دہشت گردی کی بھینٹ چڑھا ہے ، اپنے عوام کی سیکورٹی کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا-

بہرام قاسمی نے ان دہشت گردوں کے جرائم پر توجہ دیئے بغیر ان کی سزاؤں کے سلسلے میں مغربی حکام کے موقف پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے عدالتی ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق تکفیری دہشت گرد گروہ قائم کرنے کی کوشش ، ایران کے اندر مسلح کارروائیاں انجام دینا، بے گناہ شہریوں اور اہلسنت علماء سمیت بعض دیگرعلماء کا قتل، متعدد جنگی ہتھیارحاصل کرنا، دھماکے کے  لئے بم بنانا اور بعض شہروں کے مختلف علاقوں میں بم نصب کرنا ان افراد کے کچھ جرائم ہیں- 

اس بنیاد پر اسلامی جمہوریہ ایران ، اس طرح کے اقدامات کا مقابلہ کرنے کے ساتھ ہی تاکید کرتا ہے کہ مغربی ممالک دہشت گردی کے خلاف جنگ کے سلسلے میں دہرا رویہ اختیار کرنے کے بجائے مشترکہ بین الاقوامی عزم اورعالمی کوششوں کو داعشی و تکفیری دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے پر مرکوز کریں-