ایٹمی معاہدہ ایرانی قوم کی استقامت کا نتیجہ، محمد جواد ظریف
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد میں کامیابی، ایرانی قوم کی استقامت کا نتیجہ ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد، بہت سے شعبوں منجملہ ایٹمی پابندیاں ختم کرانے میں موثر واقع ہوا ہے اور یہ کامیابی، ایرانی قوم کی استقامت کا نتیجہ ہے۔
انھوں نے پابندیوں کے خاتمے کے موضوع کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے تیل کی برآمدات تقریبا پابندیوں سے قبل کی مانند ہو گئی ہے جبکہ ایران کے منجمد شدہ اثاثوں کو آزاد کرائے جانے کی بھی راہ ہموار ہوئی ہے۔
محمد جواد ظریف نے ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کرانے میں امریکہ پر ایران اور یورپی ملکوں کے پڑنے والے دباؤ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکیوں کو اس بات کا یقین دلانا ہو گا کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کے تحت کئے جانے والے ان کے وعدے صرف کاغذات تک محدود نہیں ہیں بلکہ ان پر عمل بھی کیا جا رہا ہے۔