محمد جواد ظریف نکاراگوا پہنچ گئے
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف لاطینی امریکہ کے ممالک کے دورے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نکاراگوا کے دارالحکومت ماناگوئے پہنچ گئے ہیں۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، محمد جواد ظریف اتوار کے دن کیوبا پہنچے تھے جہاں انہوں نے اس ملک کے اعلی حکام کے ساتھ دو طرفہ تعلقات میں توسیع اور تہران و ہوانا کے باہمی اقتصادی تعاون کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا۔ وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کیوبا کی آزادی کے ہیرو خوزہ مارٹی کی خدمات کو سراہا۔ اس کے بعد انہوں نے کیوبا کے وزیر تجارت روڈریگو مالیمیرکا سے تجارتی اور اقتصادی شعبے میں دونوں ممالک کے تعاون کے بارے میں مذاکرات کئے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے کیوبا کے وزیر اقتصاد ریکارڈو کابریسیس کے ساتھ بھی ملاقات اور مذاکرات انجام دیے۔ محمد جواد ظریف نے کیوبا کے صدر رائول کاسٹرو سے بھی ملاقات کی۔ اس وقت وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نکاراگا پہنچے ہیں۔ اس کے بعد وہ ایکواڈور، چلی، بولیویا اور وینیزوئیلا کا بھی دورہ کریں گے۔ ایک اعلی سطح سیاسی اور اقتصادی وفد بھی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے ساتھ لاطینی امریکہ کے ممالک کے دورے پر گیا ہے۔