Aug ۲۶, ۲۰۱۶ ۰۸:۱۲ Asia/Tehran
  • وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کی چلی کی صدر سے ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے چلی کی صدر محترمہ میچل بیچلیٹ سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق محمد جواد ظریف نے جمعرات کے دن چلی کی صدر میچل بیچلیٹ سے ملاقات میں ان کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کا سلام پہنچایا اور کہا کہ ایران سیاسی تعلقات میں توسیع کے علاوہ چلی کے ساتھ اقتصادی تعلقات میں توسیع میں بھی دلچسپی رکھتا ہے اور وہ اسی مقصد کے تحت ایک بڑے اقتصادی وفد کو اپنے ساتھ لائے ہیں۔

چلی کی صدر میچل بیچلیٹ نے بھی اس ملاقات کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ کے دوره چلی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چلی اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات میں توسیع میں دلچسپی رکھتا ہے۔ میچل بیچلیٹ کا مزید کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور چلی مختلف میدانوں میں بہت سے امکانات و وسائل اور تجربات کے حامل ہیں جن کا وہ ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ کر سکتے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ اور چلی کی صدر کی ملاقات میں مشرق وسطی اور لاطینی امریکہ کے مسائل کا بھی جائزہ لیا گيا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ چلی کے حکام کے ساتھ ملاقاتوں اور مشاورت کے بعد بولیویا روانہ ہوگئے۔ محمد جواد ظریف نے چلی سے قبل کیوبا، نکاراگوئے اور ایکواڈور کا دورہ کیا۔   

 

ٹیگس