وزیر خارجہ محمد جواد ظریف وینیزوئیلا پہنچ گئے
Aug ۲۸, ۲۰۱۶ ۰۸:۵۷ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف لاطینی امریکہ کے ممالک کا دورہ جاری رکھتے ہوئے وینیزوئیلا کے دارالحکومت کاراکاس پہنچ گئے ہیں۔
شین ہوا کی رپورٹ کے مطابق محمد جواد ظریف نے ہفتے کے دن وینیزوئیلا کے دارالحکومت کاراکاس پہنچنے کے بعد کہا کہ ان کے اس دورے کے موقع پر دونوں ممالک کے سینٹرل بینک باہمی تعاون کی سطح بڑھانے کے لئے ایک معاہدے پر دستخط کریں گے۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے تہران اور کاراکاس کے تعلقات میں توسیع کا امکان بڑھ جائے گا اور دونوں ممالک کی ترقی و پیشرفت کے لئے مشترکہ کوششوں کا راستہ صاف ہوجائے گا۔
محمد جواد ظریف وینیزوئیلا سے قبل کیوبا، نیکاراگوا، ایکواڈور، چلی اور بولیویا کا دورہ اور ان ممالک کے حکام سے ملاقاتیں اور مذاکرات کر چکے ہیں۔