ڈاکٹر علی لاریجانی کے ساتھ افغان وزیر خارجہ کی ملاقات
-
ڈاکٹر علی لاریجانی اور افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی کی تہران میں ملاقات
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر، ڈاکٹر علی لاریجانی نے افغانستان میں غیر ملکی سازشوں کے خلاف استقامت اور قومی آشتی کی تقویت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق، افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے تہران میں ڈاکٹر علی لاریجانی سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے اس ملاقات میں کہا کہ افغانستان کے دشمنوں کے مفادات اس ملک کے سیاسی عدم استحکام میں مضمر ہیں۔ اس لئے افغانستان کے عوام کو چاہئے کہ وہ اپنے ملک کی ترقی و پیشرفت کی راہ میں حائل غیر ملکی مداخلت کے مقابلے میں استقامت کا مظاہرہ کریں۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے ایران اور افغانستان کے باہمی تعاون کی تقویت کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے اقتصادی اور تجارتی تعلقات خصوصا نقل و حمل اور توانائی کے میدانوں میں باہمی تعاون میں توسیع کے بہترین مواقع موجود ہیں۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے ایران کی جانب سے افغانستان کے عوام اور حکومت کی حمایت جاری رکھے جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے کہ افغانستان دہشت گردوں کی جولانگاہ بن جائے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشت گردی کے مقابلے کے لئے سیاسی استحکام بہت ضروری ہے۔
افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے بھی اس ملاقات میں افغانستان میں قومی آشتی اور استحکام کی تقویت کے لئے انجام پانے والے اقدامات کی رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور ایران کی حکومت کی جانب سے حمایت کئے جانے کو سراہا اور کہا کہ افغانستان اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ اس کی سرزمین کو کسی تیسرے ملک کے خلاف استعمال کیا جائے یا اس سے دہشت گرد غلط فائدہ اٹھائیں۔