بعض ممالک اپنی بقا امریکہ سے وابستگی میں سمجھتے ہیں : محمد جواد ظریف
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ علاقے کے بعض ممالک اپنی قانونی حیثیت اور بقا امریکہ سے وابستگی اور اس کی حمایت کے سایے میں سمجھتے ہیں
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے نیویارک میں مقیم ایرانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب جیسے علاقے کے بعض ممالک کا رویہ ایسا ہے کہ وہ سب کچھ کرنے کے لئے تیار رہتے ہیں تاکہ انھیں امریکہ کی حمایت حاصل رہے اور وہ ہمیشہ امریکیوں کے ساتھ لابنگ کرتے رہتے ہیں-
ایران کے وزیر خارجہ نے تاکید کے ساتھ کہا کہ سعودی عرب جیسوں کو اپنی سیکورٹی اور تحفظ کے لئے غیرملکیوں کی ضرورت ہے نہ کہ اپنے عوام کی اورایران اوران میں یہی فرق ہے-
جواد ظریف نے اسلامی جمہوریہ ایران میں امن و سیکورٹی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عالم میں جب دنیا کو مشرق وسطی کے علاقے، بلوہ و آشوب، ا نتہاپسندی اور شدت پسندی کے بارے میں تشویش لاحق ہے کہ جو دنیا پراثرانداز ہوگی، ایران میں پوری طرح امن و سیکورٹی برقرار ہے-
محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران کے عوام نے تمام دباؤ اور خطرات کے باوجود ہرگز سرتسلیم خم نہیں کیا ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ ایران کے عوام امن پسند ہیں اور ایران میں امن کا سرچشمہ اس کے اندرسے پھوٹتا ہے-
ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے بیان کے دوسرے حصے میں کہا کہ پابندیاں، عوام کی معیشت کو خطرے میں ڈالتی ہیں لیکن ایران کے عوام کو ان کی امنگوں اور عقاید سے جدا نہیں کرسکتیں- جواد ظریف نے کہا کہ اعتماد اور امید کے سہارے بہتر مستقبل کی تعمیر کی کوشش کرنا چاہئے اور دوسرے ملکوں میں رہنے والے ایرانیوں کو بھی ایران کی سربلندی کے لئے کوشش کرنا چاہئے چاہے وہ جو بھی عقاید رکھتے ہوں-