Oct ۲۳, ۲۰۱۶ ۱۰:۱۶ Asia/Tehran
  • بہرام قاسمی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی نظر میں انسانی حقوق کی صورت حال کو بہتر بنانا، عالمی برادری کے تمام ارکان کے لیے ایک اہم موضوع ہے۔
    بہرام قاسمی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی نظر میں انسانی حقوق کی صورت حال کو بہتر بنانا، عالمی برادری کے تمام ارکان کے لیے ایک اہم موضوع ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایران میں انسانی حقوق کی صورت حال کے خصوصی رپورٹر کی نئی رپورٹ، بعض ملکوں کے خاص سیاسی مقاصد اور سیاسی سوچ پر مبنی ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے ہفتے کے روز احمد شہید کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اکہترویں اجلاس میں پیش کی گئی نئی رپورٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے وقت میں کہ جب عالمی برادری خاص طور پر یمن اور شام میں بعض ملکوں اور ان کے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے ہاتھوں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیوں کو نظرانداز کرنے کا مشاہدہ کر رہی ہے، اور سیاسی و امتیازی رویے کی بنا پر اس رپورٹ کا نتیجہ عالمی سطح پر انسانی حقوق کی پوزیشن کمزور بنانے کےعلاوہ اور کچھ نہیں ہو گا۔

انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، ایران جیسے ملک کے لیے کہ جو شرعی اور قانونی معیارات اور اپنے بین الاقوامی وعدوں کے مطابق ہمیشہ اپنے شہریوں کے انسانی حقوق کا خیال رکھنے کا پابند رہا ہے، انسانی حقوق کے سلسلے میں خصوصی رپورٹر کی تقرری کو اصولی طور پر ناقابل جواز، بے معنی اور تخریبی پہلو کا حامل سمجھتا ہے۔

بہرام قاسمی نے اسی طرح بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعمیری تعاون کے لیے ایران کے ارادے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندوں نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے نظام کے ساتھ تعاون کرنے اور ٹھوس اطلاعات کی بنیاد پر رپورٹ کی تیاری کے مقصد سے احمد شہید کے ساتھ ملاقاتیں کی تھیں۔

انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی نظر میں انسانی حقوق کی صورت حال کو بہتر بنانا، عالمی برادری کے تمام ارکان کے لیے ایک اہم موضوع ہے کہ جس کو صرف تعاون اور گفتگو نیز یکساں اور غیرامتیازی سلوک کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے انسانی حقوق کی دو طرفہ گفتگو کے تناظر میں بعض ملکوں اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعمیری تعاون کیا ہے۔

ٹیگس