Oct ۲۸, ۲۰۱۶ ۱۳:۴۶ Asia/Tehran
  • تمام مسلمان دشمنان اسلام کے خلاف متحد ہو جائیں: آیت اللہ امامی کاشانی

تہران کی نماز جمعہ کے خطیب نے مسلمان قوموں کو اسلام دشمنوں کے مقابل متحد ہونے اور استقامت کا مظاہرہ کرنے کی دعوت دی ہے۔

آیت اللہ امامی کاشانی نے تہران کی نماز جمعہ کے خطبوں میں اس بات پر زور دیا کہ مسلمانوں کو موجودہ مشکلات اور بحرانوں کے حل کے لیے مکمل ہوشیاری اور اتحاد و یکجہتی سے ان لوگوں کے سامنے ڈٹ جانا چاہیے جو ان کی تباہی و نابودی کی سازشیں کر رہے ہیں۔

انھوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ مسلمانوں کو سعادت کے حصول کے لیے بیدار ہو جانا چاہیے، مزید کہا کہ آل سعود سمیت اسلامی ملکوں کے ان حکمرانوں کو ان ملکوں سے نکال دینا چاہیے کہ جو آج عالم اسلام میں امریکہ اور صیہونی حکومت کے مذموم منصوبوں پر عمل کر رہے ہیں۔

تہران کے خطیب نماز جمعہ نے دین اسلام سے اس کی روح کو نکالنے کو دشمنوں کی ایک سازش قرار دیا اور کہا کہ وہ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے مسلمانوں اور دیگر قوموں کے لیے مختلف عنوانوں سے اسلام کی غلط تفسیر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ اس عظیم دین کو دنیا والوں کے سامنے برا بنا کر پیش کریں اور افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بعض رجعت پسند ممالک اس سلسلے میں ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔

آیت اللہ امامی کاشانی نے اسی طرح امریکہ کے دونوں صدارتی امیدواروں کے انتخابی نعروں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ اپنے ملک کے عوام کی مشکلات اور اقتصادی صورت حال پر توجہ دینے کے بجائے صرف واشنگٹن کی جنگ پسندانہ پالیسیوں کو جاری رکھنے کی بات کر رہے ہیں کہ جن کا نتیجہ آج تک مظلوم قوموں کے قتل عام کے علاوہ اور کچھ نہیں نکلا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اگر امریکہ اور یورپی ملکوں کے عوام انسانیت کے راستے پر قدم بڑھانا چاہتے ہیں تو انھیں اس بات کی اجازت نہیں دینی چاہیے کہ جنگ پسند افراد برسراقتدار آئیں، انھیں ان کو چھوڑ دینا چاہیے۔

تہران کے خطیب نماز جمعہ نے ایران میں امریکہ کے جاسوسی اڈے کی تسخیر کی سالگرہ قریب آنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ آج یمن، شام، افغانستان، عراق اور بحرین سمیت دنیا کے ملکوں کے عوام ایرانی عوام کی مانند اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ امریکہ کے پاس دوسرے ملکوں کے لیے ظلم کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے۔ آیت اللہ امامی کاشانی نے مزید کہا کہ عالمی سامراج اور صیہونزم نے گزشتہ سینتیس برسوں کے دوران ملت ایران کی یکجہتی کو پارہ پارہ کرنے کے لیے بہت زیادہ کوششیں انجام دی ہیں لیکن ملت ایران نے انھیں ناکام بنا دیا ہے۔

ٹیگس