Nov ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۱:۳۸ Asia/Tehran
  • ایران کے صدر نے ایٹمی انرجی سمیت توانائی کے شعبوں میں روس کے ساتھ تعاون کا خیرمقدم کیا۔
    ایران کے صدر نے ایٹمی انرجی سمیت توانائی کے شعبوں میں روس کے ساتھ تعاون کا خیرمقدم کیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ روس ایران کا اہم پڑوسی اور دوست رہا ہے اور تہران تمام میدانوں میں روس کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کا عزم رکھتا ہے۔

ایران کے صدر حسن روحانی نے پیر کو تہران میں روسی سینیٹ کی چئیرپرسن والنتینا ماتویینکو سے ملاقات میں کہا کہ دونوں ملکوں کی پارلیمانوں کے درمیان تعاون میں فروغ، تہران ماسکو تعلقات کو پہلے سے زیادہ فروغ دینے کے عمل میں بہت اہم ہے-

صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران اور روس کے تعلقات بہت اچھے ہیں اور اقتصاد، ثقافت، سائنس اورٹیکنالوجی کے میدانوں میں بھی تعاون کو پہلے سے زیادہ بڑھانے کے لئے مشترکہ جامع ایکشن پلان کے بعد کے حالات سے استفادہ کرنا چاہئے-

ایران کے صدر نے ایٹمی انرجی سمیت توانائی کے شعبوں میں روس کے ساتھ تعاون کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ایٹمی سمجھوتے میں روس کا کردار تعمیری تھا اور ماسکو آج بھی دیگر فریقوں کی جانب سے سمجھوتے پر عملدرآمد کے سلسلے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے-

صدر حسن روحانی نے دنیا اور علاقے کو درپیش دہشت گردی کے خطرے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور روس ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک دوسرے کے ساتھ اسٹریٹیجک تعاون کررہے ہیں اور یہ تعاون اس وقت تک جاری رہے گا جب تک دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہوجاتا-

صدر حسن روحانی نے کہا کہ دہشت گرد گروہ پورے علاقے اور دنیا کے لئے خطرناک ہیں اور ہمیں دہشت گردی کے خاتمے، قیام امن اوراپنے ملک کا نظام چلانے میں شامی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لئے باہمی تعاون جاری رکھنا چاہئے-

اس ملاقات میں روسی سینٹ کی چئیرپرسن والنتینا ماتویینکو نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ماسکو تمام میدانوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے کہا کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان نے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے افق کو روشن کردیا ہے اور روسی کمپنیاں خاص طور پر انرجی کے میدان میں فعال کمپنیاں، ایرانی پروجیکٹوں میں شامل ہونے میں دلچسپی رکھتی ہیں-

روسی سینٹ کی چئیرپرسن نے دہشت گردی کے مسئلے اور اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے مشترکہ موقف کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں  تہران اور ماسکو کے درمیان تعاون و یکجہتی اہمیت کی حامل ہے اور روسی فیڈریشن کونسل کے اراکین ، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جد و جہد سمیت تمام میدانوں میں دونوں ملکوں کے تعاون کو بڑھانے کے لئے بھرپور کوشش کریں گے-

 

ٹیگس