Nov ۲۵, ۲۰۱۶ ۱۳:۰۷ Asia/Tehran
  • قم المقدسہ میں آیۃ اللہ موسوی اردبیلی کی تدفین

مرجع تقلید آیۃ اللہ العظمی سید عبدالکریم موسوی اردبیلی کی تشییع جنازہ آج قم میں ہوئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی-

قم میں آیۃ اللہ العظمی موسوی اردبیلی کی تشییع جنازہ میں صدر مملکت حس روحانی ، مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ، اراکین پارلیمنٹ ، وزراء ، عدلیہ کے حکام اور حوزۂ علمیہ قم کے علماء، اساتذہ، طلبا اور بڑی تعداد میں عوام شریک تھے- آپ کوحضرت معصومہ قم کے حرم مطہر میں سپرد خاک کیا گیا۔

آیت اللہ العظمی موسوی اردبیلی کو گذشتہ دنوں تہران کے لالہ اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹروں نے ان کا علاج معالجہ کیا تاہم وہ دل کی بیماری کے سبب بدھ کی صبح کو اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔

 اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے مرجع تقلید اور ایران کے سابق چیف جسٹس آیت اللہ موسوی اردبیلی کے انتقال پر ملک میں جمعرات اور جمعہ کودو روزہ عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔

آیۃ اللہ موسوی اردبیلی انیس سو اکیاسی سے انیس سو نواسی تک اسلامی جمہوریہ ایران کے چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہے۔ آیت اللہ موسوی اردبیلی کو حضرت امام خمینی (رح) نے اپنے ایک حکم میں آیت اللہ شہید بہشتی کی شہادت کے بعد ایرانی عدلیہ کا سربراہ مقرر کیا تھا۔ انھیں انقلاب اسلامی کا اہم رکن تصور کیا جاتا تھا۔ اللہ تعالی ان پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے۔

آیۃ اللہ موسوی اردبیلی انیس سو پچیس میں شمال مغربی ایران کے صوبے اردبیل میں پیدا ہوئے تھے۔

ٹیگس