Nov ۲۹, ۲۰۱۶ ۱۹:۴۴ Asia/Tehran
  • مشہدالرضا سیاہ پوش و عزادار

شب شہادت امام رضا علیہ السلام کے موقع پر مشہدالرضا سیاہ پوش و عزادار ہے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق بارگاہ حضرت علی ابن موسی الرضا علیہ السلام اور اس کے اطراف کی شاہراہوں پر عقیدت مندوں کا ایک سیلاب ہے جو ایران اور دنیا کے دیگر ملکوں سے سفر کرکے مشہد مقدس پہنچے ہیں۔ دور و نزدیک شہروں سے پیدل آنے والے زائرین کے قافلے بھی مشہد مقدس پہنچنا شروع ہو گئے ہیں اور مقامی حکام کے مطابق منگل کی دوپہرتک ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زیادہ زائرین مختلف راستوں سے پیدل سفر کرکے مشہد مقدس پہنچ چکے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پیدل آنے والے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ رات گئے تک مزید ڈیڑھ لاکھ زائرین مشہد الرضا پہنچ جائیں گے۔ لاکھوں کی تعداد میں زائرین زمینی اور فضائی راستے سے امام رضا علیہ السلام کے یوم شہادت کی مجالس میں شرکت کے لیے مشہد المقدس پہنچے ہیں۔

بارگاہ حضرت امام رضا علیہ السلام میں موجود ہمارے نمائندے کے مطابق روضہ پاک کے تمام صحن، راہداریاں اور رواق عزادارں اور اہلبیت کے چاہنے والوں سے بھرے ہوئے ہیں اور ہرطرف سے نوحہ و ماتم کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں۔ حضرت امام رضا علیہ السلام کا یوم شہادت کل منایا جائے گا۔ اس موقع پر آپ کے روضہ پاک میں صبح سویرے ایک بڑی مجلس عزا برپا کی جائے گی جس میں مختلف علمائے کرام فضائل و مناقب امام رضا علیہ السلام بیان کریں گے جبکہ ملک کے نامور نوحہ خوان حضرات نوخہ خوانی کریں گے۔

قم المقدسہ میں، حضرت امام رضا علیہ السلام کی خواہر گرامی حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے روضے میں بھی ہزاروں کی تعداد میں عزادار جمع ہیں اور مجالس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ لوگ ماتمی دستوں کی شکل میں بارگاہ حضرت معصومہ سلام اللہ علیھا کی مختلف راہداریوں میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی بھی کر رہے ہیں۔

دارالحکومت تہران اور ایران کے دیگر شہروں میں حضرت امام رضا علیہ السلام کی شب شہادت کی مناسبت سے مجالس عزا کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ مجالس عزا اور نوحہ خوانی و سینہ زنی کا یہ سلسلہ، بدھ کی رات دیر گئے تک جاری رہے گا۔

ٹیگس