Nov ۳۰, ۲۰۱۶ ۱۰:۰۳ Asia/Tehran
  • مشہدالرضا میں عزاداروں اور عقیدت مندوں کا سیلاب

روزشہادت حضرت امام رضا علیہ السلام کے موقع پر مشہدالرضا سیاہ پوش و عزادار ہے۔

ہمارے نمائندے کے مطابق بارگاہ حضرت علی ابن موسی الرضا علیہ السلام اور اس کے اطراف کی شاہراہوں پر عقیدت مندوں کا ایک سیلاب ہے جو ایران اور دنیا کے دیگر ملکوں من جملہ پاکستان، ہندوستان اورافغانستان سے سفر کرکے مشہد مقدس پہنچے ہیں۔

بارگاہ حضرت امام رضا علیہ السلام میں موجود ہمارے نمائندے کے مطابق روضہ پاک کے تمام صحن، راہداریاں اور رواق عزادارں اور اہلبیت کے چاہنے والوں سے بھرے ہوئے ہیں اور ہرطرف سے نوحہ و ماتم کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں۔ اس موقع پر آپ کے روضہ پاک میں صبح سویرے ایک بڑی مجلس عزا برپا کی گئی جس میں مختلف علمائے کرام نے فضائل و مناقب امام رضا علیہ السلام بیان کئے اورملک کے نامور نوحہ خوان حضرات نے نوحہ خوانی کی۔

قم المقدسہ میں، حضرت امام رضا علیہ السلام کی خواہر گرامی حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے روضے میں بھی ہزاروں کی تعداد میں عزادار جمع ہیں اور مجالس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ لوگ ماتمی دستوں کی شکل میں بارگاہ حضرت معصومہ سلام اللہ علیھا کی مختلف راہداریوں میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی بھی کر رہے ہیں۔

دارالحکومت تہران اور ایران کے دیگر شہروں میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے روز شہادت کی مناسبت سے مجالس عزا کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ مجالس عزا اور نوحہ خوانی و سینہ زنی کا یہ سلسلہ، آج رات دیر گئے تک جاری رہے گا۔

 

ٹیگس