ایران کے خلاف پابندیوں کی مدت میں توسیع ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی ہے: خطیب جمعہ تہران
تہران کے خطیب جمعہ نے امریکی کانگریس میں ایران مخالف ڈی آماٹو قانون کی مدت میں توسیع کے بل کی منظوری کو ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی قراردیا ہے-
تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ موحدی کرمانی نے اس ہفتے نمازجمعہ کے خطبوں میں کہا کہ ایران کے خلاف پابندیاں عائد کرنے والے قانون ڈی آماٹو یا آئی ایس اے کی مدت میں مزید دس سال کی توسیع یقینی طور پر ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی ہے اور ایران بھی اس اقدام کا بھرپور جواب دے گا - آیت اللہ موحدی کرمانی نے کہاکہ ان پابندیوں کی مدت میں توسیع، مقابل فریق کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی کا ثبوت ہے اور اس سے ایک بارپھر امریکا کی خباثت اور عہدشکنی نمایاں ہوجاتی ہے- انہوں نے کہاکہ امریکا پر کسی بھی صورت میں اعتماد نہیں کیا جاسکتا-
تہران کے خطیب جمعہ نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ امریکا سے دشمنی کے علاوہ کسی اور چیز کی توقع نہیں کی جاسکتی کہاکہ ایران، امریکا کی عہدشکن، وعدہ خلاف اور جھوٹی حکومت سے ہمیشہ بیزار رہاہے اور اس کے اقدامات کا پوری قوت کے ساتھ جواب دے گا - انہوں نے اربعین حسینی کے موقع پر انتہائی پرامن ماحول میں کربلائے معلی میں کروڑوں عاشقان اہلبیت کی موجود گی کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ جہاں اربعین حسینی میں کروڑوں زائرین نے انتہائی پرامن طریقے سے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کا غم منایا اور اس عظیم الشان اجتماع کو فراموش نہیں کیا جاسکتا وہیں سعودی حکام کی نااہلی کی وجہ سے سانحہ منی کو بھی کبھی بھلایا نہیں جاسکےگا -
آیت اللہ موحدی کرمانی نے کہاکہ سانحہ منی اور سعودی حکام کے جرائم کو بار بار دنیا والوں کے سامنے بیان کیا جانا چاہئے تاکہ حج کا انتظام چلانے کے تعلق سے آل سعود کی نااہلی دنیا پر ثابت ہوسکے - انہوں نے عراق اور شام میں دہشت گردوں کے خلاف ان ملکوں کی فوجوں کی کامیابیوں کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ ان کامیابیوں کی بدولت بڑی تعداد میں مظلوم و بے گناہ عام شہریوں کو دہشت گردوں کے چنگل سے نجات مل گئی ہے - انہوں نے بین الاقوامی سمندری حدود میں ایرانی بحریہ کی مقتدرموجودگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کی سمندری حدود میں امن و استحکام کی برقراری ایرانی بحریہ کی مقتدر موجودگی کی مرہون منت ہے -