ہمسایہ ممالک یورپ جیسے دھوکے باز پر بھروسہ کرنےکے بجائے ایران پر اعتبار کریں، امام جمعہ تہران
امام جمعہ تہران نے ایرانی جزائر کے بارے میں خلیج فارس کونسل اور یورپی یونین کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے ہمسایہ ممالک کو کشیدگی کے بجائے باہمی اعتماد کی دعوت دی ہے۔
سحرنیوز/ایران: امام جمعہ تہران حجتالاسلام حاج علیاکبری نے خلیج فارس تعاون کونسل اور یورپی یونین کے مشترکہ بیان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا یہ بیان گستاخانہ، بے بنیاد اور مداخلت پر مبنی ہے۔ خلیج فارس کے تینوں جزائر ابوموسی، تنب بزرگ اور تنب کوچک ہمیشہ سے ایران کا حصہ رہے ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ انہوں نے ہمسایہ ممالک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یورپی بے وفا طاقتوں پر تکیہ کرنے کے بجائے بہتر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران سے تعلقات کو مضبوط رکھیں، جو ان کا سب سے بڑا حامی ہے۔ ایران تمام مسلمانوں کے لیے ایک مہربان اور برادر ہمسایہ ہے۔

غزہ اور فلسطین کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ میرے ایمانی بھائیوں اور بہنوں! صہیونی حکومت کو اچھی طرح پہچانیں۔ یہ حکومت ہمیشہ منحوس، ناپاک اور شیطانی سازشوں کا گڑھ بنی رہی ہے۔ دیکھیں کہ اللہ تعالی نے مومنین کے ہاتھوں ان کے ساتھ کیا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان دو سالوں میں اس خبیث حکومت کو کئی میدانوں میں شکست ہوئی، اس کی ہیبت ختم ہوگئی، اور اقتصادی طور پر مفلوج ہوئی۔ آج یہ حکومت دنیا بھر میں سب سے زیادہ منفور انگیز ہوچکی ہے۔ اس کے تمام اسٹریٹجک منصوبے، جیسے ابراہیم معاہدہ، ناکام ہو چکے ہیں۔

حاج علیاکبری نے کہا کہ صہیونی حکومت حماس کو ختم کرنا چاہتی تھی، مگر آخرکار اسی گروہ سے مذاکرات پر مجبور ہو گئی۔ غزہ کے عوام فتح ملنے کی خوشی منارہے ہیں، اور صہیونی حکومت شکست خوردہ اور ذلیل ہوچکی ہے۔ البتہ دشمن قابل اعتماد نہیں، اس لیے سب کو محتاط رہنا چاہیے، اور حماس کو مزید تیار رہنا چاہیے۔