مشرق سے متعلق ایران کی پالیسی میں ہندوستان کی اہمیت
ایران کے چیمبر آف کامرس کے سربراہ نے کہا ہے کہ مشرق سے متعلق ایران کی پالیسیوں میں ہندوستان کو ممتاز مقام حاصل ہے۔
ایران کے چیمبر آف کامرس کے سربراہ غلام حسین شافعی نے، جو ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے دورہ ہندوستان میں ان کی ہمراہی کر رہے ہیں، ہفتے کے دن ہندوستان کی صنعتوں کی کنفیڈریشن کے سربراہ نوشاد فوربس سے گفتگو میں کہا کہ مشرق سے متعلق اسلامی جمہوریہ ایران کی اسٹریٹیجک پالیسیوں میں جو پابندیوں کے خاتمے کے بعد بھی جاری رہیں گی، ہندوستان کو خصوصی مقام حاصل ہے۔
ایرانی وفد کے ہندوستان، چین اور جاپان کے دورے میں اقتصادی وفد کی سربراہی کرنے والے ایران کے چیمبر آف کامرس کے سربراہ غلام حسین شافعی نے تہران اورنئی دہلی کے درمیان تجارتی تعلقات اور اقتصادی لین دین کے فروغ کی ضرورت پر تاکید کی۔ واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ کے دورہ ہندوستان میں ہفتے کے روز دارالحکومت نئی دہلی میں دونوں ملکوں کا مشترکہ تجارتی اجلاس بھی منعقد ہوا۔