تیل کا پتہ لگانے میں ایران اور برازیل کے درمیان تعاون
ایران کے وزیر پٹرولیم نے کہا ہے کہ گہرے اور کم گہرے سمندری علاقوں میں تیل کا پتہ لگانے اور تیل کے علاقوں میں توسیع کے بارے میں ایران، برازیل کے تجربات سے استفادہ کرے گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر پٹرولیم بیژن نامدار زنگنہ نے تہران میں برازیل کے وزیر معدنیات و توانائی فرنانڈو فیلو سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تیل کا پتہ لگانے اور تیل کے علاقوں کی توسیع کے بارے میں برازیل کے بہتر تجربے کے پیش نظر برازیلی سرمایہ کاروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ، ایران میں تیل کی صنعت کے وسائل و آلات تیار کرنے کے لئے سرمایہ کاری کریں۔
انھوں نے کہا کہ تہران، ایران میں سرمایہ کاری کرنے والی برازیلی کمپنیوں کو ان کی ضرورت کا خام تیل فراہم کرنے کے لئے آمادہ ہے۔ ایران کے وزیر پٹرولیم نے کہا کہ برازیل کے ساتھ اسٹریٹیجک اور طویل المدت تعاون، ایران کی وزارت پٹرولیم کی ترجیحات میں شامل ہے۔
برازیل کے وزیر معدنیات و توانائی فرنانڈو فیلونے بھی تہران میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تیل و گیس سے متعلق برازیلی کمپنیاں، ایرانی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ تعاون اور ایران کی منڈیوں میں موجودگی نیز ایران کی صنعت سے متعلق ضرورت کے وسائل و آلات تیار کئے جانے کے مواقع ضائع نہیں کریں گی۔
واضح رہے کہ برازیل کے وزیر معدنیات و توانائی فرنانڈو فیلو نے خاص طور سے توانائی کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کے مقصد سے تہران کا دورہ کیا ہے۔