ایران: محمد رسول اللہ (ص) فوجی مشقیں شروع
اسلامی جمہوریہ ایران کی بری فوج کی مشقیں آج اتوار کے روز سے ایران کے جنوب مشرقی علاقوں میں شروع ہو گئی ہیں۔
محمد رسول اللہ (ص) چار فوجی مشقیں تین روز تک جاری رہیں گی۔ یہ فوجی مشقیں ایران کی بری فوج کے کمانڈر جنرل کیومرث حیدری کی موجودگی میں شروع ہوئیں۔ دو سو بیس کلومیٹر سے زائد علاقے میں منعقد ہونے والی ان مشقوں میں بری فوج اور فضائیہ کے مختلف دستے اور خاتم الانبیاء ایئر ڈیفنس سسٹم کے یونٹ حصہ لے رہے ہیں۔محمد رسول اللہ چار فوجی مشقوں کے ترجمان بریگیڈیر جنرل سید کمال پیمبری نے بتایا کہ ان مشقوں کے پہلے روز سریع الحرکت فورس کے دستوں کو دیگر علاقوں سے آپریشنل علاقوں میں کم ترین وقت میں زمین اور فضا کے ذریعے بھیجنے کی کارروائیاں انجام پائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ آج سے فوجی مشقوں کے مختلف علاقوں میں پیشہ ورانہ مہارتوں اور منصوبوں پر عمل درآمد نیز کسی بھی قسم کے خطرے کا مقابلہ کرنے اور آپریشنل ضرورتوں کو پورا کرنے کے لیے مختلف دستوں کی حرکت، افادیت اور پیشرفت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکٹیکی اقدام کے میدان میں کام کرنے والے یونٹوں کی آمادگی، فوری منتقلی، نوجوان کمانڈروں کو جدید جنگ کی مینجمنٹ کی توانائیوں اور تجربے کی منتقلی اور خطرات کا کم سے کم وقت میں جواب دینا اور نئے دفاعی نظاموں کے استعمال کا جائزہ لینا ان فوجی مشقوں کے مقاصد میں شامل ہے۔