Dec ۱۳, ۲۰۱۶ ۱۶:۴۷ Asia/Tehran
  • ایران: جامع ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی پر ایکشن لینے کا صدر مملکت کا حکم

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے امریکہ کی جانب سے کثیر الفریقی جامع ایٹمی معاہدے کی حالیہ خلاف ورزی کا نوٹس لیتے ہوئے جوہری توانائی کے قومی ادارے اور وزارت خارجہ کو الگ الگ ہدایات جاری کر دی ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے نام اپنے مراسلے میں امریکہ کی جانب سے کثیر فریقی جامع ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی اور ایران کے خلاف پابندیوں میں توسیع کا ذکر کرتے ہوئے، قانونی اور بین الاقوامی اداروں میں اس معاملے کو پوری سنجیدگی کے ساتھ اٹھائے جانے کا حکم دیا ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے جوہری توانائی کے قومی ادارے کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبرصالحی کے نام بھی ایک الگ خط ارسال کیا ہے جس میں عالمی معاہدوں کے دائرے میں رہتے ہوئے نیوکلیئر پروپلژن ڈیوائسز کی ڈیزائننگ اور تیاری کا حکم دے دیا ہے۔
صدر نے اپنے خط میں نیوکلیئر پروپلژن ڈیوائسز کے لئے لازمی ایٹمی ایندھن بھی فوری طور پر تیار کرنے کا حکم دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی ایوان نمائندگان نے حال ہی میں آئی ایس اے کے نام سے موسوم، ایران کے خلاف پابندیوں کے قانون میں مزید دس سال کی توسیع کر دی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران نے مذکورہ قانون میں توسیع کو کیثر فریقی جامع ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے لازمی تدابیر اپنانے کا اعلان کیا تھا۔

 

ٹیگس