Dec ۲۰, ۲۰۱۶ ۱۹:۲۶ Asia/Tehran
  • دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں ایران روس کے ساتھ کھڑا ہے: جواد ظریف

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف سنجیدہ جنگ کے لیے دنیا کے مختلف ممالک کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کا جذبہ موجود ہونے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے منگل کے روز ماسکو میں روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات میں دنیا کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کے پھیلنے کے خطرے کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد کسی بھی سرحد کے قائل نہیں ہیں اور تہران، ماسکو اور انقرہ کے درمیان دہشت گردی کے خلاف جنگ کے سلسلے میں نظریاتی ہم آہنگی پیدا کئے جانے کی ضرورت ہے۔ ایران کے وزیر خارجہ نے انقرہ میں روس کے سفیر کے قتل پر ماسکو کے ساتھ ایرانی قوم اور حکومت کی ہمدردی پر ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گردوں کے خلاف جنگ کے لیے روسی حکومت کے ساتھ کھڑا ہے اور وہ دہشت گرد گروہوں اور ان کے اقدامات کے لیے کسی توجیہ اور جواز کا قائل نہیں ہے۔ محمد جواد ظریف نے ایران اور روس کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر قرار دیا اور کہا کہ اس سلسلے میں دونوں ملکوں کا تعاون کامیاب رہا ہے اور شام کے عوام کو امداد پہنچانے کا راستہ ہموار ہوا ہے۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے بھی اس ملاقات میں ترکی میں روس کے سفیر کے قتل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس جرم سے دہشت گردوں کے خلاف جنگ کے لیے ماسکو کے عزم میں مزید اضافہ ہوا ہے اوردہشت گرد اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکیں گے۔ روسی وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ ماسکو شام کی قانونی حکومت کی حمایت سے ہاتھ نہیں کھینچے گا۔

ٹیگس