ماحولیات کے حوالے سے عالمی برادری اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے محکمہ ماحولیات کی سربراہ نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی ایک عالمگیر مسئلہ ہے اور دنیا کے تمام ممالک موجودہ صورتحال کے ذمہ دار ہیں۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے محکمہ ماحولیات کی سربراہ معصومہ ابتکار نے یورونیوز ٹی وی چینل کے ساتھ تحفظ ماحولیات سے متعلق مسائل کے سلسلے میں ایران اور یورپی یونین کے مشترکہ تعاون کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام ممالک اور اقوام کو ماحولیاتی مسائل کے حل اور ماحولیات کو درپیش خطرات اور نقصانات کم کرنے کے سلسلے میں تعاون کرنا چاہیے۔
معصومہ ابتکار نے ارومیہ جھیل کو بچانے کے حوالے سے ایران اور یورپ کے مشترکہ تعاون کے بارے میں کہا کہ اس سلسلے میں معلومات اور تجربات کے تبادلے اور مشترکہ منصوبوں پر عملدرآمد کے ذریعے نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے جا سکتے ہیں۔
قابل ذکر ہے ایران کے صوبوں مشرقی اور مغربی آذربائیجان کے درمیان واقع ارومیہ جھیل دنیا میں نمکین پانی کی بڑی جھیلوں میں سے ایک ہے اور اسے یونیسکو نے بائیو اسفیئر ریزرو یا محفوظ حیاتیاتی علاقہ قرار دے رکھا ہے۔ گزشتہ دو عشروں کے دوران خشک سالی اور دریاؤں پر ڈیم تعمیر کرنے کے باعث جھیل کا نصف سے زائد حصہ خشک ہو چکا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے محکمہ ماحولیات کی سربراہ نے مزید کہا کہ ایران اور یورپ تحفظ ماحولیات کے سلسلے میں علاقائی اور بین الاقوامی کنونشنز کے تحت ایسے اقدامات اٹھا سکتے ہیں جن سے تمام ممالک کو فائدہ پہنچے۔