آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کا جسد خاکی حسنیہ جماران منتقل
ایران کے سینیئر سیاستداں اور انقلابی رہنما آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کے جسد خاکی کو حسینہ جماران منتقل کردیا گیا ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کے جسد خاکی کو شہدائے تجریش اسپتال سے حسینہ جماران منتقل کردیا گیا ہے جس کے بعد ان کے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد وہاں پہنچ گئی ہے۔ حکومت ایران نے ملک بھر میں تین روز کے عام سوگ کا اعلان کیا ہے۔ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی اتوار کی شام بیاسی سال کی عمرمیں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔
آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی پچیس اگست انیس سو چونتیس کو صوبہ رفسنجان کے ضلع بہرمان کے ایک متول خاندان میں پیدا ہوئے ، وہ چودہ سال کی عمر میں قم کے دینی مرکزمیں تعلیم حاصل کرنے کے لیے قم چلے گئے جہاں انہوں نے آیت اللہ العظمی بروجردی، آیت اللہ العظمی امام خمینی رح اور آیت اللہ سید محقق میر داماد، آیت محمد رضا گلپائیگانی اور آیت اللہ محمد حسین طباطبائی جیسے جید علمائے کرام کے سامنے زانوئے تلمذ طے کیا۔
وہ اسلامی انقلاب کی تحریک کے تمام میدانوں میں پیش پیش رہے اور انہیں سات بار جیل بھی جانا پڑا۔ وہ مجموعی طور پر ساڑھے چار سال تک جیل میں رہے لیکن ان کے عزم صمیم میں کوئی خلل واقع نہیں ہوا۔ انہوں نے ملک میں متعدد سماجی خدمات انجام دیں جن میں آزاد اسلامک یونیورسٹی کے قیام کی جانب اشارہ کیا جاسکتا ہے۔