اقوام متحدہ اپنے بعض مقاصد حاصل نہیں کر پایا: غلام علی خوشرو
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے کہا ہے کہ بیرونی دہشت گرد گروہوں کے دائرے میں دہشت گردی اور منظم جرائم میں اضافہ ہوا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپوٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب غلام علی خوشرو نے سلامتی کونسل میں دشمنی کی روک تھام اور پائیدار امن کے زیر عنواں تشکیل پانے والے اجلاس میں کہا کہ مختلف ملکوں کے درمیان جنگوں کی روک تھام اور دنیا میں تشدد کم کرنے کے بارے میں اقوام متحدہ کا مقصد حاصل نہیں ہوا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے اب تک دہشت گردی و انتہا پسندی، بیرونی دہشت گردی، دہشت گردانہ منصوبہ بندی اور منظم بین الاقوامی جرائم کا مقابلہ کرنے کے لئے کوئی منصوبہ تیار نہیں کیا گیا ہے۔
غلام علی خوشرو نے تاکید کے ساتھ کہا کہ فلسطینی علاقوں پر صیہونی حکومت کا غاصبانہ قبضہ، دو ہزار تین میں عراق پر امریکہ کا حملہ، شام اور یمن میں بیرونی مداخلت، جارحیت کا مکمل مصداق ہے جس کے جاری سلسلے سے دنیا میں امن کا مستقبل تاریک ہو گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ دنیا میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی، تکفیری افکار و نظریات اور اغیار کی جانب سے ہراساں کئے جانے کا عمل، تشددپسندی کی وجوہات میں شامل ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اقوام متحدہ اور اس عالمی ادارے کے نئے سیکریٹری جنرل کو چاہئے کہ شجاعت و بہادری اور سیاسی عزم و ارادے سے ان تمام مسائل کا مقابلہ کریں اور قیام امن کے لیے اپنی پوری توانائی صرف کریں۔