نماز جمعہ کے خطبوں میں آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کے مثالی کردار کی تعریف
تہران کے خطیب جمعہ نے کہا ہے کہ مرحوم آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی اسلامی انقلاب سے پہلے بھی اور بعد میں بھی ہمیشہ نوجوانوں کو اسلامی اور قرآنی تعلیمات سے آراستہ کرنے کی فکر میں رہے -
تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ امامی کاشانی نے نماز جمعہ کے خطبوں میں کہا کہ تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی رحلت اسلامی انقلاب اور اسلامی نظام کے لئے ایک بڑا نقصان ہے- انہوں نے آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی رحلت پر رہبرانقلاب اسلامی، ایرانی عوام اور مرحوم کے اہل خانہ کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سب کو اور خاص طور پر نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ میدان عمل میں موجود رہیں تاکہ اسلامی انقلاب اور اسلامی نظام اپنی منزل مقصود تک جو عوام اور رہبرانقلاب اسلامی کی خواہش اور مرضی ہے پہنچ سکے - انہوں نے آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کی نماز میت اور جلوس جنازہ میں لاکھوں سوگواروں اور چاہنے والوں کی شرکت کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت ایرانی عوام کے اتحاد کا مظہر اور اسلامی جمہوری نظام کے حکام سے عوام کی حمایت کا اعلان ہے - آیت اللہ امامی کاشانی نے داعش کے قبضے سے موصل کی آزادی کے لئے انجام دی جانے والی کارروائیوں کے دوران عراقی افواج کی پیشقدمی کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ موصل جلد ہی آزاد اور عراق میں امن قائم ہوجائے گا -