ایران اور برطانیہ کے درمیان علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلۂ خیال
ایران اور برطانیہ کے نائب وزرائے خارجہ نے تہران میں دو طرفہ اور علاقائی و بین الاقوامی مسائل کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا ہے-
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ مجید تخت روانچی نے تہران میں برطانیہ کے نائب وزیر خارجہ تھوبیس الوود کے ساتھ ملاقات میں، ایران کے بارے میں بعض برطانوی حکام کے حالیہ موقف پر نکتہ چینی کرتے ہوئے اس قسم کے موقف کو ماضی میں ہونے والے سمجھوتوں کے دائرے میں دونوں ملکوں کے تعلقات کی توسیع کےعمل کے منافی قرار دیا- تخت روانچی نے کہا کہ باہمی تعلقات میں کسی بھی قسم کی پیشرفت، دوطرفہ مفادات اور احترام کے دائرے میں انجام پانا چاہئے-
انہوں نے اسی طرح ایٹمی معاہدے کے سلسلے میں گروپ پانچ جمع ایک سے اپنے وعدوں پر عمل کرنے کا مطالبہ کیا- برطانیہ کے نائب وزیر خارجہ تھوبیس الوود نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تعلقات کا فروغ چاہتا ہے اور مشترکہ جامع ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کا پابند ہے- انہوں نے مزید کہا کہ ان کے ملک کی کوشش ہے کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو برطرف، اور غلط فہمیوں کو دور کیا جائے-