صدر مملکت نے پلاسکو تجارتی کمپلیکس کا دورہ کیا
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرنے سانحے سے دوچار پلاسکو تجارتی کمپلیکس کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں کا نزدیک سے جائزہ لیا -
صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی اور ان کی کابینہ کے کچھ وزراء سنیچر کی صبح ایک تہران میں آتشزدگی کا شکار ہو جانے والے قدیم تجارتی کمپلیکس پہنچے - صدر مملکت نے اس موقع پر موجود صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہایت تلخ سانحہ آئندہ کے لئے درس عبرت ہونا چاہئے تاہم اس موقع پر حکام نے نہایت اچھی یکجہتی اور تعاون کا مظاہرہ کیا ہے - صدر مملکت حسن روحانی نے کہا کہ پلاسکو سانحے کے سلسلے میں فائربریگیڈ کے فداکار اور جانباز عملے ، میڈیکل ٹیموں ، امدادی کارکنوں ، حکام اور فوجی و سیکورٹی اہلکاروں نے تمام امور بخوبی سنبھال لئے اور نہایت اچھے تعاون ، کارکردگی اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا جو قابل تعریف ہے اور یہ تعاون جاری رہے گا- صدر مملکت نے ملبے کے نیچے دبے ہوئے افراد کے سلسلے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ بھرپور کوششوں سے بعض افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا جائے گا اور جو لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھو چکے ہیں وہ عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے کیونکہ انھوں نے لوگوں کی جان بچانے کے لئے اپنی جان خطرے میں ڈالی اور ہماری اللہ تعالی کی بارگاہ میں دعا ہے کہ انھیں دنیا و آخرت میں اجر اور ان کے اہل خانہ کو صبر عطا فرمائے - صدر مملکت حسن روحانی نے کہا کہ ہم فائربریگیڈ کے عملے اور امدادی ٹیموں کی جاں نثاری اور بہادری کے سامنے سرتعظیم خم کرتے ہیں اور انھیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں - صدرمملکت نے اس سانحے میں نقصان برداشت کرنے والوں کے خسارے کی تلافی کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ، بلدیہ ، بلدیاتی کونسل ، بیمہ کمپنیاں اور تمام ذمہ دار حکام انشاء اللہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ ان نقصانات کی تلافی کریں گے - صدر مملکت حسن روحانی نے پلاسکو تجارتی کمپلیکس سانحے میں عوام کی جانب سے ہمدلی اور یکجہتی کا مظاہرہ کیے جانے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا -