باہمی تعلقات کو فروغ دینے پر ایران اور کویت کی تاکید
اسلامی جمہوریہ ایران اور کویت کے وزرائے خارجہ نے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ علاقائی اور بین الاقوامی تعلقات کی توسیع کو تہران اور کویت کی پالیسیوں کی ترجیحات میں قرار دیا ہے
کویت کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ شیخ صباح الخالد الحمد الصباح نے بدھ کو تہران میں ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف سے ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے معاملات اورعلاقے کے اہم مسائل پر بات چیت کی - ایران کے وزیرخارجہ نے اس ملاقات میں پڑوسی ملکوں کو ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں قراردیا اور کہا کہ کویت، اسلامی جمہوریہ ایران کا ایک اچھا اور اہم پڑوسی ملک ہے اور علاقے کے ملکوں کے اچھے ہمسائگی کے اصول کی تقویت میں امیر کویت کا کردار قابل تعریف ہے - انہوں نے علاقے میں پائی جانے و الی مشکلات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ دشمنوں اور خطرات کے پیش نظر مستقبل پر توجہ رکھنا بہت ضروری ہے - کویت کے وزیرخارجہ نے بھی اس ملاقات میں علاقے اور دنیا میں ایران کی اہمیت کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ایران اور علاقے کے ملکوں کے درمیان بے شمار تاریخی، ثقافتی اور مذہبی اشتراکات پائے جاتے ہیں اورعلاقے کے سبھی ملکوں کو چاہئے کہ وہ بات چیت اور بہتر تعلقات کے ذریعے اچھے مستقبل کی جانب قدم بڑھائیں - کویت کے وزیرخارجہ نے دہشت گردی کو علاقے کے سبھی ملکوں کے لئے خطرہ قراردیا اور کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ علاقے کے ممالک اپنے درمیان اختلافات اور غلط فہمیوں پر کھل کر بات کریں اور ان کا ازالہ کریں - کویت کے وزیرخارجہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے نام امیر کویت کا ایک پیغام لے کر بدھ کو تہران آئے تھے -