Jan ۲۶, ۲۰۱۷ ۱۲:۴۷ Asia/Tehran
  • اسرائیل کے توسیع پسندانہ اقدامات کی مذمت

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے فلسطینی علاقوں میں غیر قانونی صیہونی بستیوں کی تعمیر کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرنے والی قانون شکن صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالے اور اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیوں کی روک تھام کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔قابل ذکر ہے کہ صیہونی حکومت کی وزارت جنگ کے ترجمان نے نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری کے صرف ایک دن بعد ہی مغربی کنارے کے علاقے میں ڈھائی ہزار نئے رہائشی یونٹ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔پچھلے چند روز کے دوران یہ دوسری بار ہے جب اسرائیل نے مقبوضہ فلسطینیی علاقوں میں اتنی بڑی تعداد میں نئے رہائشی یونٹ تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے برسر اقتدار آتے ہی صیہونی حکمرانوں کی ہٹ دھرمی میں بے انتہا اضافہ ہوگیا ہے۔فلسطینی علاقوں میں نئی بستیوں کی تعمیر روکے جانے سے متعلق سلامتی کونسل کی قرارداد کے باوجود اسرائیل کی جانب سے مزید توسیعی اقدامات کا مسلسل اعلان کیا جارہا ہے۔صیہونی حکومت کے وزیراعظم نے سی بی ایس ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کو اسرائیل کا طاقتور حامی قرار دیا ہے۔

ٹیگس