Dec ۱۴, ۲۰۲۵ ۱۶:۱۰ Asia/Tehran
  •  روسی اثاثے منجمد کرنے کے یورپی اقدام کا سخت جواب دیا جائے گا: روسی وزارت خارجہ

روس کی وزارتِ خارجہ کی ترجمان نے یورپ کی جانب سے روسی اثاثے منجمد کئے جانے کے بارے میں کہا ہے کہ ان کا ملک یورپ کے اس اقدام کا سخت جواب دے گا۔

سحرنیوز/دنیا: میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے یورپ کی جانب سے روسی اثاثے منجمد کئے جانے اور انہیں یوکرین کی حمایت کے لیے استعمال کرنے کی کوششوں پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ماسکو اس اقدام کا فوری سخت جواب دے گا۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے برسلز کی جانب سے روسی اثاثوں کی ضبطی کے بارے میں کہا کہ یورپی یونین کے اس اقدام کے جواب میں روسی اقدام جلد ہیں عمل میں آئے گا۔

زاخارووا نے زور دے کر یہ بات کہی کہ بین الاقوامی تعلقات میں اس طرح کی خلاف ورزیاں بغیر نتائج کے نہیں رہتیں۔

یوکرینی صدر زیلینسکی

 

زاخارووا نے یوکرینی صدر ولودومیر زیلینسکی کے اس دعوے پر بھی ردِعمل کا اظہار کیا کہ اگر امریکی اور یورپی شراکت دار سیکورٹی ضمانتیں فراہم کریں تو وہ انتخابات کرانے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیلینسکی نے اپنے مغربی حامیوں کے ساتھ بلیک میلنگ اور ان پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا ہے اور ان سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ یوکرین میں انتخابات کی سیکورٹی کو یقینی بنائیں حالانکہ حقیقت میں ان کا مطلب یہ ہے کہ انہیں دوبارہ منتخب ہونے کی ضمانت دی جائے۔

واضح رہے کہ زیلینسکی نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ اگر انتخابات کی سیکورٹی کی ضمانت دی جائے تو وہ آئندہ دو یا تین ماہ میں انتخابات کروا سکتے ہیں۔

یوکرین میں صدارتی انتخابات مارچ 2024 میں ہونے تھے تاہم روس کے ساتھ جنگ کے باعث ملک میں مارشل لا نافذ ہے اور انتخابات ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

ٹیگس