ہندوستان: اڈیشہ میں قبائلی عورت کے قتل کے بعد تشدد، 188 خاندان جان بچا کر گاؤں سے بھاگ گئے
اوڈیشہ کے ملکان گیری ضلع کے گاؤں "ایم وی 26" میں دسمبر کے شروع میں ایک عورت کے قتل کے بعد خوفناک تشدد پھوٹ پڑا تھا، اس کے بعد گاؤں کے سارے لوگ جان بچا کر بھاگ گئے اور اب یہ گاؤں مقامی لوگوں کے مطابق "بھوت گاؤں" لگنے لگا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق ریاست اڈیشہ کے ضلع ملکان گیری کے گاؤں "ایم وی 26" کی اس حالت کا قصہ یہ ہے کہ علاقے کی ایک قبائلی عورت یکم دسمبر سے لاپتہ تھی، اس کی مسخ شدہ لاش 4 دسمبر کو دریا کے کنارے سے ملی۔ لوگوں میں یہ افواہ پھیل گئی کہ "ایم وی 26" نامی گاؤں کے کچھ افراد عورت کے قتل میں ملوث ہیں۔
8 دسمبر کی صبح ایک مسلح قبائلی ہجوم نے "ایم وی 26" گاؤں پر حملہ کردیا، 150 سے زیادہ گھر جلادیئے گئے اور 188 خاندان خوف کے مارے راتوں رات گاؤں چھوڑ کر بھاگ گئے۔
گزشتہ روز مقامی میڈیا والوں نے گاؤں کا دورہ کیا تو گاؤں مکمل طور پر ویران اور سیکورٹی فورسز کا گشت جاری تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ کچھ خاندان 9 دسمبر کو نقصان کو دیکھنے کے لیے گاؤں واپس آئے لیکن خوف کے مارے واپس چلے گئے۔
مذکورہ گاؤں میں رہنے والے زیادہ تر لوگ بنگلہ دیش سے آنے والے ہندو تارکین وطن ہیں جنہیں کئی دہائیوں قبل ہندوستانی شہریت دی گئی تھی اور انہوں نے یہاں ایک نئی زندگی بسر کی تھی۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ 50 سال کی محنت چند گھنٹوں میں برباد ہو گئی۔
واقعہ کے بعد ضلع انتظامیہ نے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی۔ انتظامیہ نے تحقیقات تیز کر دی ہیں، سیکورٹی فورسز کے اہلکارگاؤں میں تعینات ہیں، گاؤں میں کرفیو نافذ ہے اور انٹرنیٹ سروس بھی منقطع کردی گئی ہے۔ برابر والے گاؤں میں بھی کرفیو نافذ کیا گیا ہے جس گاؤں سے مقتولہ کا تعلق تھا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel