Dec ۱۴, ۲۰۲۵ ۱۷:۴۴ Asia/Tehran
  • سڈنی حملہ اور اس سے منصوبہ بند فائدہ اٹھانے کی کوشش، ایران کا نام بھی لیا جانے لگا، کیا ہے تیاری ؟ پاکستانی شہری کا بھی نام

آسٹریلیا کے سڈنی شہر میں اتوار کے روز یہودی تیوہار حنوکا پر دو مسلح حملہ آوروں کے حملے میں اب تک 12 ہلاکتوں اور متعدد زخمیوں کی خبر ہے ۔ ۔اس حملے میں حملہ آوروں کی شناخت ابھی تک واضح نہیں ہوئی ہے، تاہم بعض ذرائع نے بتایا ہے کہ ان میں سے ایک پاکستانی شہری ہے۔

سحرنیوز/دنیا: عام طور پر اس قسم کے حملوں کے بعد یہ دیکھنا ضروری ہوتا ہے کہ اس کے کیا سیاسی نتائج برآمد ہوں گے۔ چونکہ یہاں اسرائیل بھی خطے کی موجودہ حساس صورتحال کے درمیان ایک فریق کی حیثیت سے موجود ہے، لہذا یہ دیکھنا ضروری ہے کہ وہ اس واقعے سے کس طرح فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔

اس میں کوئی شک نہیں کہ گزشتہ دو برسوں میں غزہ میں ہونے والے نسل کشی نے اسرائیل کے خلاف دنیا بھر میں عام غم و غصہ پیدا کیا ہے، اور یہی صورت حال ایسے اعمال کے ارتکاب کے لیے زمین ہموار کر سکتی ہے تاہم، ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ حملہ محض ایک انفرادی کارروائی تھی یا منظم و منصوبہ بند حملہ تھا اور اگر دوسرا مفروضہ درست ثابت ہوا تو اس کے پیچھے کون سی طاقت ہے۔

 

لیکن واقعے کے فورا بعد ہی یعنی آسٹریلیا میں تحقیقات شروع ہونے اور معاملے کے تمام پہلوؤں کے واضح ہونے سے پہلے، بعض اسرائیلی ذرائع نے ایران پر اس میں ملوث ہونے کا الزام لگا دیا ہے۔ اسرائیل کی یہ فوری کارروائی، قطع نظر اس کے کہ واقعے کے پیچھے کون ہے، اس بات کی عکاس ہے کہ وہ اس واقعے سے سیکیورٹی کے حوالے سے فائدہ اٹھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

اگرچہ اس قسم کے حملوں سے اسرائیل سے باہر رہنے والے یہودیوں میں تشویش کی لہر پیدا ہو سکتی ہے لیکن مجموعی طور پر سڈنی حملے کے نتائج کا انحصار اسرائیل کی جانب سے اس سے مخصوص فائدہ اٹھانے کے طریقے پر ہوگا۔

امکان یہی ہے کہ تل ابیب کئی سطحوں پر اس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گا: پہلا، "یہودی مخالفت" کے اپنے بیانیے کو زندہ کرنے کی کوشش، کرے گا کیونکہ  اسرائیل کا یہ " وکٹم کارڈ" گزشتہ دو برسوں میں غزہ کے واقعات کی وجہ سے، نیز اس کے لامحدود استعمال اور مغربی دنیا میں اسرائیل اور صہیونیت کی ہر طرح کی تنقید پر اس کے اطلاق کی وجہ سے بے اثر اور شدید طور پر کمزور ہو چکا ہے۔ 

 

دوسرا فائدہ اسرائيل اس واقعہ سے اس طرح اٹھا سکتا ہے کہ وہ مغرب کے ان حکام اور جماعتوں کو اس کا ذمہ دار ٹھہرانے کی کوشش کرے گا جو غزہ میں قتل عام پر اسرائيل کی مذمت کرتی ہیں۔

تیسرا ممکنہ فائدہ اور نتیجہ سیکیورٹی سے متعلق ہو سکتا ہے، اور نیتن یاہو حکومت شاید اسے ایران کے  سلسلے میں سیکوریٹی خدشات کا بہانہ کرکے  اسے اپنی کارروائيوں کا جواز بنانے کی کوشش کر سکتی ہے۔

سڈنی حملے کے بعد اسرائيل سے جو خبریں آ رہی ہيں ان سے یہ خدشہ تقویت پا رہا ہے کہ صیہونی حکام نے اس واقعے سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تل ابیب نے آسٹریلیا پر یہودی مخالف حملوں کی حوصلہ افزائی کا الزام بھی  لگا دیا۔ 

اسرائیل  سے باہر رہنے والے یہودیوں کے امور کی وزارت نے، سڈنی کے بانڈی بیچ پر حنوکا تقریب میں فائرنگ کے واقعے کے سلسلے میں آسٹریلیا کی حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ کینبرا کی پالیسیوں نے یہودیوں کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

 

اسرائیل نے الزام عائد کیا ہے کہ " کینبرا نے پنی تمام تر توانائیاں صرف کر دی ہیں تاکہ آسٹریلیا کے یہودی آسریلیا میں بحیثیت یہودی، تحفظ، سکون اور اطمینان کے ساتھ نہ رہ سکیں۔"

اسرائیل کی اس وزارت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ  "مقتولین کا خون آسٹریلیا کی حکومت کی گردن  پر ہے۔"

بیان میں کہا گیا: "سات اکتوبر سے، آسٹریلیا کی حکومت نے اسرائیلی حکومت کے ساتھ واضح اور غیر مشروط طور پر کھڑے ہونے کے بجائے... کمزوری، احتیاط اور مصالحت کی پالیسی اپنائی ہے۔"


ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

 

اس بیان میں کینبرا پر "مغربی تہذیب کے دشمنوں کے ساتھ مصالحت" کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا: "مہاجر یہودیوں کے امور کی وزارت کے پاس موجود تمام رپورٹس، تحقیقات اور اعداد و شمار یہ ظاہر کرتے ہیں کہ آسٹریلیا ان مغربی ممالک میں شامل ہے جہاں سات اکتوبر کے بعد سے یہودی دشمنی کے واقعات میں سب سے زیادہ شدید اور پریشان کن اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔"

 

بہرحال بے گناہوں کا قتل ہر حال میں مذموم ہے یہ قتل خواہ کہیں بھی ہو، سڈنی میں یا غزہ میں ، شام میں ، عراق میں یا امریکہ و برطانیہ میں ، کہیں بھی اگر کوئی بے گناہ قتل کیا جاتا ہے تو انسانیت رکھنے والے لوگوں کے دل دکھتے ہیں۔

غزہ میں پچاس ہزار سے زائد بے گناہ کے قتل کی تصدیق ہو چکی ہے اور نہ جانے کتنے بے گناہ ، ملبےکے نیچے دبے ہيں اور یہ سب اس اسرائیل کے جرائم کا نتیجہ ہے جو آج سڈنی میں 12 لوگوں کے قتل پر سینہ کوٹ رہا ہے ۔

 

ٹیگس