یورو ویژن میں اسرائیل کی شرکت کی مخالفت کا سلسلہ جاری، آئرلینڈ کے گلوکار کا اپنی ٹرافی واپس کرنے کا اعلان
یورو ویژن 2026 میں اسرائیل کی شرکت کی مخالفت کا سلسلہ جاری ہے اور اب آئرلینڈ کے ایک مشہور گلوکار نے بھی اسرائیل کے خلاف اقدام کرتے ہوئے اپنی یورو ویژن ٹرافی واپس کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
سحرنیوز/دنیا: آئندہ سال ویانا میں منعقد ہونے والے یورو ویژن 2026 میں اسرائیل کی شرکت کی مخالفت کا سلسلہ جاری ہے اور اس مخالفت میں شدت آتی جا رہی ہے۔ اب آئرلینڈ کے ایک مشہور گلوکار چارلی میک گیٹیگن نے بھی یورو ویژن 2026 میں اسرائیل کی شرکت کے خلاف اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ آئرلینڈ کے اس مشہور گلوکار نے اسرائیل کی یوروویژن میں شرکت کی مخالفت میں اپنی 1994 کی ٹرافی واپس کرنے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق آئر لینڈ کے چارلی میک گیٹیگن نے، جنہوں نے 1994 میں یوروویژن سانگ کانٹیسٹ جیتا تھا، کہا ہے کہ وہ مقابلے میں اسرائیل کی مسلسل شرکت کی مخالفت میں اپنی ٹرافی واپس کریں گے اور اس اقدام میں پچھلے سال کے فاتح سوئس گلوکار نیمو بھی شامل ہیں۔
میک گیٹیگن نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں کہا کہ وہ اپنی ٹرافی یورپی براڈکاسٹنگ یونین، ای بی یو، کو بھیجنے کا ارادہ رکھتے ہیں جو یوروویژن کا انعقاد کرتی ہے۔ میک گیٹیگن نے یہ مقابلہ اپنے آئرش گلوکار پال ہیرنگٹن کے ساتھ جیتا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اس بات کی تصدیق کے بعد کہ اسرائیل یوروویژن 2026 میں شرکت کرے گا، پانچ ممالک آئس لینڈ، آئرلینڈ، نیدرلینڈز، سلووینیا اور اسپین کے براڈکاسٹرز نے یورو ویژن 2026 کے مقابلے سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel