دشمنوں کو سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا انتباہ
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی فضائیہ کے کمانڈر نے تاکید کے ساتھ کہا ہےکہ دشمن کی ہر قسم کی جارحیت کا منھ توڑ جواب دیا جائے گا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی فضائیہ کے سربراہ امیر علی حاجی زادہ نے ہفتے کے روز مدافعان حریم ولایت نامی فوجی مشقوں کے اہم مرحلے کے انعقاد کے موقع پر ایک بیان میں بعض امریکی حکام کی جانب سے ایران کو دی جانے والی دھمکیوں کو دیوانے کی بڑ قرار دیا اور تاکید کے ساتھ کہا کہ ایران کی مسلح افواج دشمن کی کسی طرح کی جارحیت سے نمٹنے کے لئے مکمل آمادہ ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی دفاعی طاقت کو مضبوط بنانے اور دفاعی ہتھیار تیار کرنے کے لئے اپنی کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔
بریگیڈیر جنرل حاجی زادہ نے کہا کہ فوجی مشقوں میں تمام ہتھیار اور فوجی آلات ایرانی ساخت کے استعمال کئے جا رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ مشقوں کے دوران ایرانی ماہرین کے تیار کردہ مختلف اقسام کے ریڈار، مختلف فاصلوں تک مار کرنے والے میزائل اور الیکٹرانک جنگ کے جدید ترین آلات استعمال کیے جا رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ مدافعان حریم ولایت کے عنوان سے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی فضائی دفاع کی یہ مشقیں، صوبے سمنان کے پینتیس ہزار مربع کلومیٹر کے کھلے علاقے میں انجام پا رہی ہیں۔