ایران کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کی مذمت
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پاکستان کے شہر لاھور میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دہشت گرد گروہ اپنے غیر انسانی اقدامات کے ذریعے علاقے کی قوموں میں پائے جانے والے دہشت گردی کی بیخ کنی کے عزم کو متاثر نہیں کرسکتے۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ دہشت گرد گروہ اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پاکستان کے عوام ، حکومت اور سانحہ لاھور میں مرنے والوں کے لواحقین کو ایران کی حکومت اورعوام کی جانب سے تعزیت بھی پیش کی۔ پاکستان میں ایران کے سفارت خانے نے بھی لاھور میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
ایران کے سفارت خانے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پیر کی شام لاھور میں واقع پنجاب اسمبلی کی عمارت کے سامنے ہونے والے خودکش دھماکے میں پندرہ افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔
طالبان کے ایک دھڑے جماعت الاحرار نے دہشت گردی کے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔