Feb ۲۰, ۲۰۱۷ ۱۵:۱۵ Asia/Tehran
  • شمسی توانائی کی پیداوار کے لئے ایران دنیا کا آئیڈل ملک

اسلامی جمہوریہ ایران کے محکمہ ماحولیات کی سربراہ نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر انجام پانے والے جائزوں کے مطابق ایران شمسی توانائی کی پیداوار کے لیے آئیڈیل ملک ہے اور متعدد یورپی ملکوں نے اس حقیقت کی تصدیق کی ہے۔

ایران کے محکمہ ماحولیات کی سربراہ محترمہ معصومہ ابتکار نے پیر کو مغربی صوبے ہمدان میں سات میگاواٹ بجلی گھر کے معائنے کے موقع پر کہا کہ ایران کے پاس باصلاحیت انسانی سرمایہ ہے جس کی وجہ سے  قابل تجدید توانائیوں اور شمسی توانائی کے میدان میں سرمایہ کاری کے لئے اسے ایک بہترین ملک قراردیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایندھن کے استعمال میں بچت،  ماحولیاتی آلودگی اور گرین ہاؤس گیسوں میں کمی شمسی توانائی کے بجلی گھروں کے فوائد میں سے ہیں۔

انہوں نے گرین ہاؤس گیسوں کے پھیلاؤ میں کمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں پیرس معاہدہ کافی اہمیت کاحامل ہے۔

اس سے پہلے خلیج فارس اور امیر کبیر کے نام سے موسوم شمسی توانائی کے دو بجلی گھروں کا ایران کے وزیرتوانائی حمید چیت چیان نے ہمدان میں افتتاح کیا تھا۔

 

ٹیگس