Feb ۲۱, ۲۰۱۷ ۱۹:۱۶ Asia/Tehran
  • ایران اور پاکستان کی سیکورٹی ایک دوسرے سے وابستہ ہے، جنرل دہقان

ایران اور پاکستان نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیر جنرل حسین دہقان نے منگل کو تہران میں پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے گفتگو میں ایران اور پاکستان کے تعلقات کے مزید فروغ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

ایران کے وزیر دفاع نے دونوں ملکوں کی طویل مشترکہ سرحدوں اور دونوں ممالک کے مشترکہ تاریخی، دینی اور ثقافتی اقدار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کی سیکورٹی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے اور اسی بنا پر ایران، پاکستان کے ساتھ فوجی اور دفاعی تعاون کی توسیع میں کسی حد کا قائل نہیں۔

انھوں نے دہشت گردی اور فرقہ واریت کے مقابلے کے لئے علاقے کے ملکوں کے درمیان ہمہ جہتی تعاون کی ضرورت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں ایران اور پاکستان کے مشترکہ تعاون کو اہم قرار دیا۔ انھوں نے علاقے میں دہشت گردی کے بحران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شام، عراق، یمن اور افغانستان کے مسائل کو فوجی طریقے سے حل نہیں کیا جاسکتا۔

 اس ملاقات میں خارجہ امور میں پاکستان کے وزیر اعظم کے مشیر سرتاج عزیز نے بھی کہا کہ دونوں ملکوں کے مشترکہ اقدار دو طرفہ تعلقات کی توسیع کے بہترین ذرائع ہیں۔

سرتاج عزیز نے ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ اور اچھی ہمسائیگی کو پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اصول سے تعبیر کیا اور امید ظاہر کی کہ دفاعی شعبے میں دونوں ملکوں کے تعلقات ماضی سے زیادہ فروغ پائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز، ایران کے ساتھ مختلف  شعبوں اور خاص طور سے دفاعی شعبے میں تعلقات و تعاون کی توسیع کے مقصد سے ایران کے دورے پر تہران پہنچے ہیں۔

 

ٹیگس