Feb ۲۷, ۲۰۱۷ ۱۴:۲۵ Asia/Tehran
  • بینکنگ سے متعلق سمجھوتوں پر عمل درآمد میں رکاوٹ کی وجہ، امریکہ کی خلاف ورزی ہے، ڈاکٹر روحانی

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکہ کی خلاف ورزیوں کی بنا پر بینکینگ کے امور میں ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد میں رکاوٹ پائی جاتی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے پیر کے روز ایران کے سینٹرل بینک کے چھپّن ویں اجلاس میں کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے میں بینکینگ سے متعلق سمجھوتوں پر عمل درآمد میں سست روی کی وجہ، امریکہ کی خلاف ورزیاں اور بڑے بڑے بینکوں میں امریکی پابندیوں سے متعلق پایا جانے والا خوف و ہراس ہے۔

جنوری دو ہزار سولہ میں ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کے آغاز سے ہی حکومت امریکہ، اس معاہدے پر عمل درآمد میں رخنہ اندازی کرتی رہی ہے اور ایرانی حکام کے مطابق امریکی حکومت کے اس قسم کے اقدامات، ایٹمی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ حالیہ برسوں کا اہم ترین ثمرہ، ایران کی منڈیوں میں امن و استحکام کا بحال ہونا ہے، کہا ہے کہ رواں ایرانی سال کے اختتام تک افراط زر کی شرح دس فیصد سے بھی کم ہو جائے گی۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ رواں ایرانی سال کے اختتام تک ایران کی اقتصادی ترقی کی شرح بھی چھے فیصد سے اوپر پہنچ جائے گی۔

قابل ذکر ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران کے سینٹرل بینک کے اس اجلاس کے موقع پر خدمات و نگرانی کے نئے بینکنگ سسٹم سے متعلق نمائش کا معائنہ بھی کیا۔

 

ٹیگس