ولایت پچانوے فوجیں مشقوں کا آخری مرحلہ مکمل
ایرانی بحریہ کی ولایت پچانوے فوجیں مشقوں کا آخری مرحلہ مکمل ہو گیا جس کے دوران والفجر نامی میزائیل کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔
بحری مشقوں کے آخری مرحلے میں خصوصی انٹیلی جینس آپریشن کے بعد، بحریہ کی ایک آبدوز کو خصوصی مشن پر ساحل سے سو کلومیٹر کے فاصلے پر روانہ کیا گیا جس نے والفجر نامی تارپیڈو میزائل سے نشانہ بنا کر فرضی دشمن کے بحری جہاز کو تہس نہس کر دیا۔
مشقوں کے آخری مرحلے میں بحریہ کے ایئر ونگ کے ہیلی کاپٹر بھی پرواز کرتے رہے جو آبدوزوں کا پتہ لگانے والے خصوصی نظام سے لیس تھے۔ اس آپریشن کے دوران سمندری حدود میں موجود دشمن کی آبدوزوں کا پتہ لگا کر انہیں تارپیڈو سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا۔
درایں اثنا بیک وقت میزائل اور مشین گن سسٹم سے لیس ایرانی بحریہ کے ایک خصوصی ہیلی کاپٹر نے بھی پرواز کی اور مشقوں کی حددو میں موجود فرضی دشمن کے بحری جہازوں کو تباہ کر دیا۔
ولایت پچانوے بحری مشقوں کے دوران مختلف اقسام کے جاسوس اور حملہ آور ڈرون طیاروں کا بھی تجربہ کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ ایرانی بحریہ کی ولایت پچانوے فوجی مشقیں اتوار کو آبنائے ہرمز سے لیکر، بحیرہ عمان، شمالی بحر ہند اور آبنائے باب المندب کے دو ملین کلو میٹرمربع کے علاقے میں، دس ڈگری کے مدار میں شروع ہوئی تھیں۔