ایران اور آذربائیجان کے صدور کی مشترکہ پریس کانفرنس
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے جمہوریہ آذربائیجان کے ساتھ ایران کے تعلقات کو برادرانہ اور اسٹریٹیجک اہمیت کا حامل قرار دیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے تہران میں جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علی اف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں جمہوریہ آذربائیجان کے ساتھ ایران کے تعلقات کو برادرانہ اور اسٹریٹیجک اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی اور ثقافتی مسائل کے لحاظ سے تہران اور باکو کے دو طرفہ تعلقات میں توسیع اہمیت کی حامل ہے-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ گذشتہ مہینوں کے دوران ایران اور جمہوریہ آذربائیجان کی تجارت کے حجم میں اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ دونوں ملکوں کے تعلقات، پہلے سے زیادہ فروغ پا رہے ہیں- انہوں نے کہا کہ ایران اور آذربائیجان، شمال جنوب کوریڈور ٹرانزیٹ میں اہم کردار کے حامل ہیں اور آستارا سے آستارا ریلوے لائن کا تجرباتی افتتاح اس سلسلے میں اہم قدم شمار ہوتا ہے-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے بحیرہ خزر میں تیل کے ذخائر سے استفادے کے بارے میں دونوں ملکوں کے مذاکرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بحیرہ خزر یا کیسپین سی کے ذخائر سے استفادے کے بارے میں دونوں ملکوں کے وزرائے تیل، نتیجے کے حصول تک اپنے مذاکرات جاری رکھیں گے- انہوں نے ایران، روس اور جمہوریہ آذربائیجان اور اسی طرح ایران، روس اور ترکی کے سہ جانبہ تعاون کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں سہ جانبہ تعاون کے تناظر میں اب تک اچھے اقدامات کئے گئے ہیں-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے علاقائی مسائل کے بارے میں بھی کہا کہ تہران اور باکو کا نظریہ علاقائی مسائل اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے بارے میں ایک جیسا ہے اور دونوں ہی ملکوں کا خیال ہے کہ وہابیت اور سلفی انتہا پسندی، علاقے کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے اس لئے علاقے میں اس دہشت گردانہ فکر کو ہمیشہ کے لئے ختم کر دینا چاہئے-
انہوں نے شام اور عراق کے مسائل کے بارے میں ایران اور آذربائیجان کے مشترکہ نظریات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قرہ باغ کا مسئلہ بھی بات چیت کے ذریعے حل ہو جائے گا-
جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علی اف نے بھی اس مشترکہ پریس کانفرنس میں ایران کے ساتھ آذربائیجان کے گہرے تعلقات کو علاقے کے لئے بڑا تحفہ قرار دیا اور کہا کہ گذشتہ تین برسوں کے دوران ایران کے صدر کے ساتھ متعدد ملاقاتیں دونوں ملکوں کے بڑھتے ہوئے تعلقات کی علامت ہیں- انہوں نے کہا کہ ایران اور آذربائیجان کے سیاسی تعلقات اعلی سطح پر جاری ہیں اور دونوں ہی ممالک سبھی بین الاقوامی اداروں میں ایک دوسرے سے تعاون کرتے ہیں-
جمہوریہ آذربائیجان کے صدر نے قرہ باغ کے مسئلے کے حل کے لئے ایران کی کوششوں کی تعریف بھی کی-