امریکی اقدامات کے مقابلے میں ہوشیار رہنے پر آیت اللہ جنتی کی تاکید
مجتہدین کی کونسل مجلس خبرگان کے سربراہ آیت اللہ احمد جنتی نے امریکا کی دشمنی کے مقابلے میں ہوشیار رہنے کی ضرورت پر زور دیا ہے
مجلس خبرگان کے سربراہ آیت اللہ احمد جنتی نے منگل کو پانچویں مجلس خبرگان کے دوسرے اجلاس کی افتتاحی تقریب میں خطاب کے دوران ایرانی عوام سے امریکا کی عداوت اور دشمنی کی وضاحت کو اہم مسئلہ قراردیا اور اس پر اعتماد نہ کرنے اور اس سے کسی طرح کی مدد نہ لینے پر زوردیا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اس بات کا یقین رکھنا چاہئے کہ امریکا اور بڑی طاقتیں ایرانی عوام کی دشمن ہیں۔
آیت اللہ احمد جنتی نے انقلابی رہنے اور انقلابی طریقے سے عمل کرنے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ انقلابی ہونے کا مطلب اصل اسلام کی پیروی کرنا، اسلامی اقدار کا دفاع کرنا ، جہاد فی سبیل اللہ اور ملک کے اندر اور باہر کے دشمنوں کے مقابلے میں واضح اور ٹھوس موقف اپنانا ہے۔ پانچویں مجلس خبرگان کا اجلاس منگل کو شروع ہوا جس جمعرات کواختتام پذیر ہوگا۔