انتخابات میں ایرانی عوام کی بھرپور شرکت نے مغرب کو مذاکرات پر مجبور کر دیا، وزیرخارجہ جواد ظریف
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ دو ہزار تیرہ کے انتخابات میں ایرانی عوام کی وسیع پیمانے پر شرکت نے ثابت کر دیا کہ مغربی ممالک اپنے مقاصد کے حصول میں ناکام رہے ہیں اور یہی وہ حقیقت ہے جس نے مغرب کو مذاکرات کی میز پر آنے کے لئے مجبورکیا
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ہفتے کے روز وزارت خارجہ میں منعقدہ ایک تقریب میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ عوام، انتخابات میں شرکت کر کے حاکمیت اور حکومت کو قوت وطاقت عطا کرتے ہیں، کہا کہ بعض یہ غلط تصور کرتے ہیں کہ دو ہزار تیرہ کے انتخابات کے بعد ایران مذاکرات کی میز پر آیا جبکہ یہ امریکہ اور مغربی ممالک ہی تھے کہ جب انھوں نے یہ دیکھا کہ پابندیوں سے ایرانی عوام کو حکومت سے دور نہیں کیا جاسکتا تو مذاکرات کی میز پر آگئے۔انھوں نے کہا کہ ایران میں دو ہزار تیرہ کے انتخابات میں تہتّر فیصد عوام کی شرکت، اس بات کا باعث بنی کہ ایران کے نمائندے چھے بڑی طاقتوں کے مقابلے میں ڈٹ کر بات کریں اور مذاکرات میں ایران کے نظریات اور عوام کے حقوق کو ثابت کریں۔محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایرانی عوام، دو ہزار سترہ کے انتخابات میں بھی وسیع پیمانے پر شرکت کر کے پوری دنیا پر واضح کردیں گے کہ ایران میں عوامی حاکمیت پائی جاتی ہے۔قابل ذکر ہے کہ ایران میں آئندہ انّیس مئی کو بارہویں صدارتی اور پانچویں بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔