دنیا کے گوشہ و کنار میں صدیقہ طاہرہ سلام اللہ علیھا کا جشن ولادت
دختر رسول صدیقہ طاہرہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت باسعادت اور یوم مادر کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران سراپا جشن و سرور ہے-
پیغمبراسلام حضرت محمد مصطفے صل اللہ علیہ اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دخترگرامی صدیقہ طاہرہ، ام ابیہا، جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران اور دنیا کے گوشہ و کنار میں خوشی و مسرت کا سماں ہے اور ہر طرف جشن منایا جا رہا ہے- ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں ہفتے کی شام سے ہی جشن کا سلسلہ شروع ہو گیا جو اتوار کو پورے دن جاری رہا- بی بی دو عالم، شہزادی کونین کے جشن ولادت کا سب سے بڑا اجتماع مشہد المقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر میں منعقدہوا جہاں لاکھوں زائرین نے اس پرمسرت موقع پر امام عالیمقام کی خدمت میں ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کیا- مشہد المقدس میں امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے اور حرم اقدس اور اس کے اطراف کے ساتھ ساتھ پورے شہر میں شاندار چراغانی اور سجاوٹ کی گئی-
اس مناسبت سے حرم میں مرکزی محافل جشن کا بھی انعقاد ہوا جس میں شعرائے کرام اور مداحان اہلبیت عصمت و طہارت نے بارگا معصومین علیہم السلام میں شاندار طریقے سے نذرانہ عقیدت پیش کیا- قم میں بھی جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں بھی لاکھوں زائرین نے کوثرنبوت جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے جشن منایا- مشہد اور قم میں موجود غیر ملکی زائرین اور طلبا نے بھی اپنے اپنے مخصوص انداز میں بیس جمادی الثانی جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت اور یوم مادر کا جشن منایا اور مختلف زبانوں میں محافل میلاد کا اہتمام کیا- ہمارے نمائندوں نے نجف اشرف اور کربلائے معلی سے بھی خبر دی ہے کہ اس پرمسرت موقع پر عراق کے سبھی مقدس مقامات خاص طور پر نجف اشرف، کربلائے معلی، کاظمین اور سامرا کے روضوں میں عاشقان اہلبیت عصمت و طہارت کا جم غفیر ہے جو جشن عصمت میں شریک ہے-
عراق کے مقدس مقامات میں عراق کے ساتھ ساتھ دنیا کے مختلف ملکوں کے زائرین کی بھی بہت بڑی تعداد موجود ہے- پاکستان اور ہندوستان کے بھی سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں، بی بی دوعالم کا جشن ولادت باسعادت بڑے ہی تزک و احتشام کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور جگہ جگہ بڑی بڑی محفلوں کا سلسلہ جاری ہے جن میں شعرائے کرام اور ذاکرین اہلبیت، شہزادی کونین کے فضائل و مناقب بیان کر رہے ہیں- اسلامی جمہوریہ ایران میں اس دن یوم مادر اور روز زن بھی منایا جاتاہے اور لوگ، جن میں بچے بڑے سبھی شامل ہیں اپنی ماؤں کی خدمت میں تحفے اور تحائف پیش کرکے ان کی طول عمر کی دعا کرتے ہیں اور خود ان سے دعائیں لیتے ہیں- جبکہ روز زن کی مناسبت سے شوہر بھی اپنی بیویوں کو تحفے پیش کر کے بچوں کی تربیت اور امور خانہ داری میں ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں- بیس جمادی الثانی اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی رحمت اللہ علیہ کا بھی یوم پیدائش ہے- امام خمینی نے فرمایا تھا کہ اگر سال کے کسی دن کو یوم مادر یا روز زن سے مختص کرنا ہے تو بیس جمادی الثانی صدیقہ طاہرہ کے یوم ولادت باسعادت کے دن سے زیادہ بہتر کوئی بھی دن نہیں ہوسکتا اور اس کے بعد سے ہرسال، ایران اور دنیا کے دیگر ملکوں میں عاشقان اہلبیت اطہار کی جانب سے ، بیس جمادی الثانی کو یوم مادر اور روز زن منایا جاتاہے-