ایران کی برآمدات درآمدات سے زیادہ ہو گئی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ ترسٹھ سال میں پہلی بار ایران کی برآمدات کی شرح میں درآمدات کی شرح سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹرحسن روحانی نے کہا ہے کہ گذشتہ برس کے اعداد و شمار کے مطابق ایران کی برآمداتی شرح میں درآمدات کے مقابلے میں اضافہ ہو گیا ہے جو گذشتہ ترسٹھ سال میں ایک ریکارڈ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ استقامتی معیشت کا ایک بہترین نتیجہ ہے-
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے جمعرات کو صوبہ سمنان میں اٹھارہ تعمیراتی منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ غیرپیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات کی شرح گذشتہ مارچ کے مہینے تک تینتالیس ارب، نو سوملین ڈالر تک پہنچ گئی-
صدر ڈاکٹرحسن روحانی نے کہا کہ رواں ہجری شمسی سال میں، جو استقامتی اقتصاد، پیدوار اور روزگار کے نام سے موسوم ہے، ایران میں سات لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے-
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ملک کے سبھی صوبوں کی ترقی و خوشحالی کے لئے اچھے اقدامات کئے گئے ہیں اس لئے عوام، پارلیمنٹ عدلیہ اور مسلح افواج، سبھی کو ان مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے-